سی این جی قیمت ایل این جی سے منسلک کرنا خوش آئند قرار

Dr Mirza Ikhtiar Baig

Dr Mirza Ikhtiar Baig

کراچی (جیوڈیسک) پاکستان ٹیکسٹائل سٹی کے چیئرمین ڈاکٹر مرزا اختیار بیگ نے وزیر پٹرولیم کی جانب سے سی این جی کی قیمتیں درآمدی ایل این جی کی قیمتوں سے منسلک کرنے کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس فیصلے پر عمل درآمد کی صورت میں ایل این جی پٹرول کی قیمت سے 20 فیصد سستی لاگت پر دستیاب ہوسکے گی۔

یہ بات انہوں نے کراچی ایکسپو سینٹر میں منقعدہ گیارہویں انٹرنیشنل ٹریڈ اینڈ انڈسٹری فیئر(آئی ٹی آئی ایف) ایشیا 2014 کی افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران کہی۔ نمائش کے انعقاد کا مقصد کوئلہ، ونڈ، بائیو ماس، ہائیڈرو پاور، شمسی توانائی، انڈپینڈنٹ پاور پروڈیوسرز، رینٹل پاور پروجیکٹس جیسے اہم شعبوں کو فوکس کرنا ہے، نمائش میں 100 سے زائد نمائش کنندگان اور 50 غیر ملکی وفود کے علاوہ شعبہ توانائی کے ماہرین، کارپوریٹ و صنعتی سیکٹر، سرمایہ کار کمپنیاں، حکومتی اور نجی اسٹیک ہولڈرز بڑی تعدادنے شرکت کی۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت ہمارے پاس دو راستے ہیں، گیس کی عدم دستیابی یا پھر مہنگی گیس لیکن صنعتی عمل کو جاری رکھنے کے لیے لوگ مہنگی گیس خریدنے پر بھی تیار ہیں، متبادل توانائی صنعتی شعبے کا مستقبل ہے جس سے ہمارے انرجی مکس میں بہتری آئے گی۔ انھوں نے کہاکہ توانائی کے بحران کی وجہ سے پاکستان کے جی ڈی پی نمو میں 2 فیصد کی کمی ہورہی ہے لہٰذا معاشی ترقی کے لیے ضروری ہے کہ توانائی کی مقامی ضروریات کو پورا کرنے کی ٹھوس حکمت عملی اختیار کی جائے۔