سری لنکا (جیوڈیسک) سہ ملکی سیریز میں سری لنکا نے ویسٹ انڈیز کو شکست دے کر فائنل کے لئے کوالیفائی کر لیا۔ ٹرینیڈاڈ میں بارش سے متاثرہ میچ کا نتیجہ حاصل کرنے کے لئے اضافی روز رکھا گیا تھا۔ سری لنکا نے ساٹھ رنز تین کھلاڑی آٹ پر اننگز دوبارہ شروع کی تو ایک بار پھر میچ بارش کے سبب روک دیا گیا۔ امپائرز نے میچ اکتالیس اوورز فی اننگز تک محدود کردیا۔
مہمان ٹیم نے مقررہ اوورز میں آٹھ وکٹوں پر دو سو انیس رنز بنائے۔ کمار سنگاکارا نے نوے رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ کیمار روچ نے چار کھلاڑیوں کو آٹ کیا۔ جواب میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور اکتالیس اوورز میں نو وکٹوں پر ایک سو نوے رنز ہی بناسکی۔
ڈیرن براوو نے ستر اور لینڈل سمنز نے سرسٹھ رنز بنائے۔ اینجلو میتھیوز نے چار اور شمندا ایرنگا نے تین شکار کئے۔ اس کامیابی کے بعد سری لنکن ٹیم فائنل میں پہنچ گئی ہے۔ دوسری فائنلسٹ ٹیم بھارت ہوگی یا میزبان ویسٹ انڈیز فیصلہ آج گروپ کے آخری میچ کے بعد ہوجائے گا۔