کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں طلباء کو کوچنگ سینٹر کی انتظامیہ سے مذاق کرنا مہنگا پڑ گیا۔دھمکی آمیز خط لکھ کر کوچنگ سینٹر بند کرانے کی کوشش کرنے والے دو طلباء کو حوالات کی ہوا کھانی پڑی۔
طلباء کو سکول یا کوچنگ سینٹر چھٹی کرنی ہو تو وہ نئے نئے بہانے بنا لیتے ہیں۔ گلستان جوہر کے کوچنگ سے ٹلا مارنے کے لئے دو طلباء نے تو انوکھا طریقہ اختیار کیا۔ معظم اور عبدالودید نے کوچنگ سینٹر انتظامیہ کو دھمکی آمیز خط لکھا جس میں کہا گیا کہ کوچنگ سینٹر بند رکھا جائے ورنہ کسی نہ کسی کی جان جائے گی۔
انتظامیہ کے رابطہ کرنے پولیس حرکت میں آئی اور چھٹی کے شوقین دونوں طلباء کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے ہاتھ لگنے پر دونوں طلبا تفریح بھول کر آنسو بہانا شروع ہو گئے۔
طالب علموں کا کہنا ہے کہ ہم نے صرف مذاق کیا جس پر وہ شرمندہ ہیں۔ ملک میں امن وامان کی صورت حال میں کوئی بھی مذاق الٹا گلے پڑ سکتا ہے۔ جس کی مثال یہ طلباء ہیں جو تفریح کے لئے جانا چاہتے تھے لیکن اب وہ حوالات کی سیر کر رہے ہیں۔