کوچنگ کے لئے بے تاب وقار یونس آسٹریلیا چھوڑنے پر تیار

 Waqar Younis

Waqar Younis

کراچی (جیوڈیسک) پاکستانی ٹیم کی کوچنگ کیلیے بے تاب سابق پیسر وقار یونس آسٹریلیا چھوڑ کر دبئی منتقلی پر بھی آمادہ ہو گئے، 2011 میں انھوں نے گھروالوں سے دوری اور صحت کے مسائل کو وجہ قرار دیتے ہوئے عہدہ چھوڑا تھا، ایشیا کپ اور ورلڈ ٹوئنٹی 20 کیلیے ان کے دوبارہ ذمہ داری سنبھالنے کا امکان روشن نظر آتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ڈیو واٹمور پاکستان کے ساتھ اپنی آخری سیریز مکمل کر چکے، وہ 2 سالہ معاہدے کے اختتام پر 31 جنوری کو آسٹریلیا واپس چلے جائینگے، پی سی بی کو اب نئے کوچ کی تلاش ہے، اس مقصد کیلیے وسیم اکرم، انتخاب عالم، جاوید میانداد اور سبحان احمد پر مشتمل کمیٹی قائم کرتے ہوئے اشتہار جاری کر دیا گیا، غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ایک رکن نے وقار یونس سے رابطہ کر کے درخواست دینے کو کہا ہے۔

سابق کپتان اہل خانہ کے ساتھ آسٹریلیا میں رہائش پذیر ہیں، ماضی میں اسی وجہ سے انھیں مسائل کا سامنا کرنا پڑا، اب انھوں نے بورڈ حکام کو فیملی کے ساتھ دبئی منتقلی کا اشارہ دے دیا، اس سے انھیں نجی و پیشہ ورانہ زندگی میں توازن رکھنے میں آسانی ہو گی۔