اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ امریکا سے کولیشن سپورٹ فنڈ کی مد میں تین سو باسٹھ ملین ڈالر ملنے کی کاغذی کارروائی مکمل ہوچکی ہے۔ رواں برس کولیشن سپورٹ فنڈکی مدمیں کل ایک ارب بیس کروڑ ڈالر ملنے ہیں۔
وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے اسلام آباد میں ایک سیمینار کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کولیشن سپورٹ فنڈ کی مد میں ہر سہ ماہی میں تیس کروڑ ڈالر تک ملیں گے۔ انہوں نے کہا کہ رواں مالی سال میں ابتدائی طور پر اقتصادی اعشاریے کافی مثبت ہیں اور ٹیکسز، ترسیلات زراور برآمدات میں اضافہ ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کے وفد نے وزیراعظم سے ملاقات میں حکومتی کارکردگی کو سراہا ہے۔ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ ملکی معیشت اٹھانوے کے ایٹمی دھماکوں کے بعد پیدا صورتحال سے بھی بدتر ہے تاہم تین برس بعد ملک کی صورتحال یکسر تبدیل ہوگی۔