واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکا میں پاکستانی سفیر جلیل عباس جیلانی نے کہا ہے کہ امریکا کو پاکستانی فوج کی قربانیوں کے بارے میں علم ہے، کولیشن سپورٹ فنڈ وزیرستان میں دہشتگردی کے خلاف آپریشن کیلئے فراہم کیا گیا، امریکا وزیرستان میں آپریشن سے متعلق مثبت سمجھ بوجھ رکھتا ہے۔
انکا کہنا تھا کہ جنوبی ایشیا میں کشیدگی کے ہوتے ہوئے اقتصادی ترقی نہیں ہو سکتی۔ نیویارک میں کارنیگی کونسل کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تشدد سے پاک ماحول کے قیام کے لیے حکومت نے قومی سلامتی پالیسی متعارف کرائی اور قبائلی علاقوں میں دہشت گردوں کے محفوظ ٹھکانے ختم کرنے کے لیے بھرپور فوجی آپریشن شروع کیا ہے۔
آپریشن سے نہ صرف پاکستان بلکہ افغانستان میں بھی سیکیورٹی کی صورت حال میں بہتری آئے گی۔ پاکستانی سفیر کا کہنا تھا جموں و کشمیر،، سیاچن،، سرکریک، دہشت گردی اور پانی کے مسائل کی وجہ سے پاک بھارت تعلقات کی تاریخ زیادہ خوش گوار نہیں رہی۔ بنیادی مسائل حل کیے بغیر پائیدار امن قائم نہیں ہو سکتا۔
جلیل عباس جیلانی نے کہا کہ پاکستان کا وژن اقتصادی بحالی اور پڑوسیوں کے ساتھ پرامن تعلقات ہیں۔ پاکستان نے اقتصادی بحالی کے منصوبے پر عمل درآمد کا آغاز کیا ہے جس کے نتائج آنا شروع ہوگئے ہیں۔