ساحلی علاقوں میں آر او پلانٹس لگائے جائیں، شرجیل میمن

Sharjeel Memon

Sharjeel Memon

کراچی (جیوڈیسک) سندھ کے وزیر بلدیات و اطلاعات اور چیئرمین واٹر بورڈ شرجیل میمن نے کہا ہے کہ جن علاقوں میں واٹر بورڈ کا صاف پانی نہیں آرہا وہاں آر او پلانٹس کے ذریعے شہریوں کو پانی فراہم کیا جائے، ایم ڈی واٹر بورڈ ان تمام علاقوں میں خود آر او پلانٹس کی نگرانی کریں اور بند آراو پلانٹس کو فوری طور پر قابل استعمال بنایا جائے۔

یہ ہدایت انہوں نے ایم ڈی واٹر بورڈ کو دی جس پر ایم ڈی قطب الدین شیخ نے چیف انجینئر ویسٹ اویس ملک، ایگزیکٹو انجینئرز اور متعلقہ افسران کے ہمراہ کیماڑی کے مختلف علاقوں مواچھ گوٹھ، مشرف کالونی ، 5 سو کوارٹرز، یونس آباد، گریس ماڑی پور اور بابا آئرلینڈ کا دورہ کیا۔ ایم ڈی واٹر بورڈ نے ہدایت کی کہ کیماڑی کے ان دور دراز علاقوں میں آر او پلانٹس کے ذریعے پانی فراہم کیا جائے اور جو علاقے آخری کناروں پر واقع ہیں وہاں باؤذر کے ذریعے پانی کی لازمی فراہمی کو ممکن بنایا جائے۔

انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایات دی کہ آر او پلانٹس کو کنکشنز ترجیحی بنیادوں پر دیے جائیں خاص طور پر کیماڑی میں محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈپارٹمنٹ نے جن علاقوں میں 12 عدد آر او پلانٹس لگائے ہیں ان کی اپ گریڈیشن (ضروری مرمت) کی اشد ضرورت ہے جس کی وجہ سے ان آر او پلانٹس سے 7 ملین گیلن پانی مکمل طور پر فراہم کرنا ممکن نہیں۔

تاہم واٹر بورڈ نے ان آر او پلانٹس کو پانی کے کنکشنز فراہم کر دیے ہیں ان پوائنٹس سے پانی کی فراہمی جاری ہے، ابتدائی مرحلےمیں ضروری اپ گریڈیشن ہونے تک پانی کی مقدار کم سپلائی ہو رہی ہے لیکن اپ گریڈیشن کے بعد ان علاقوں کو بتدریج 7 ملین گیلن پانی فراہم ہو سکے گا۔