کراچی (جیوڈیسک) سانحہ کراچی ائیر پورٹ کے بعد کولڈ اسٹوریج میں پھنسے 8 افراد کی لاشوں کو 28 گھنٹوں بعد نکال لیا گیا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق آٹھوں افراد کی لاشیں کولڈ اسٹوریج سے ملیں۔
کارگو ٹرمینل کی دیوار کو توڑ کر آپریشن مکمل کر لیا گیا۔ دہشت گردوں کے حملے کے موقع پر آٹھوں افراد نے ائیر پورٹ کے کولڈ اسٹوریج میں پناہ لی تھی۔ تمام لاشوں کو جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ لاشیں جھلس چکی ہیں اور شناخت ڈی این اے ٹیسٹ کے ذریعے کی جائے گی۔ گمشدہ افراد کی لاشیں برآمد ہونے کے بعد ائیرپورٹ کے باہر موجود ورثاء اور لواحقین غم سے نڈھال ہو گئے اور دھاڑیں مار مار کر روتے رہے۔