سردی کے ڈیرے، گرم کپڑے، لکڑی، گیس سلنڈر مہنگا، بیماریوں میں اضافہ

Cold

Cold

اسلام آباد (جیوڈیسک) ملک بھر میں یخ بستہ ہواؤں کا راج ہے۔ گرم کپڑوں کے ساتھ ساتھ جلانے کی لکڑی اور گیس سلنڈر کی فروخت اور قیمتوں میں بھی اضافہ ہوگیا۔ ملک کے بالائی علاقوں اورآزاد کشمیر میں ٹھٹھرتی سردی نے ڈیرا جمالیا ہے، شدید سردی کے باعث موسمی بیماریوں میں بھی اضافہ ہورہا ہے۔ آج کم سے کم درجۂ حرارت اسکردو میں منفی 12 اور استور میں منفی 08 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں درجۂ حرارت کا پارہ گرتا جارہا ہے۔مری میں برفباری تو نہیں ہورہی مگر سردی کی شدت برقرار ہے۔ پنجاب کے شہروں میں سردی بڑھنے سے صبح کے اوقات میں دھند کا راج رہتا ہے۔ محکمۂ موسمیات کے مطابق دھند کے باعث صبح کے اوقات میں لاہور، فیصل آباد اور ملتان ایئر پورٹ پر پروازوں کے اوقات متاثر ہوسکتے ہیں۔ آئندہ 24سے 48گھنٹوں کے دوران پنجاب کے میدانی علاقوں میں دھند کی شدت اور دورانیہ کم رہنے کا امکان ہے۔

سندھ میں ٹھنڈی سرد ہوائیں چل رہی ہیں، دن بھرچائے کے ہوٹلوں پر رش لگا رہتا ہے۔ محکمہٓ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا تاہم مالاکنڈ ڈویژن اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پرہلکی بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔