وزیرآباد (تحصیل رپورٹر) ٹھنڈی ہواؤں اور بارش سے موسم سرما کا باقاعدہ آغاز ہو گیا۔ گزشتہ روز نماز فجر کے بعد ٹھنڈی ہوائوں اور ہلکی بارش کی آمد کے بعد موسم یکسر تبدیل ہوگیا ہے۔
ٹھنڈے موسم سے لطف اندوز ہونے کیلئے لوگوں نے گھروں میں روایتی پکوان تیار کئے جبکہ سموسوں، پکوڑوں اور مچھلی کی مانگ میں اضافہ دیکھنے میں آیا۔ موسم میں آنے والی تبدیلی کے بعد لوگوں نے گرم کپڑے نکال لئے بالخصوص موٹر سائیکل سواروں نے گرم چادریں اوڑھ لیں۔
طبی ماہرین کے مطابق حالیہ بارش کے بعد موسمی بیماریوں نزلہ،زکام میں کمی ہوگی جبکہ بدلتے ہوئے موسم کے دوران بچوں کو سردی سے بچائو کیلئے خصوصی اقدامات کئے جائیں۔