لاہور (جیوڈیسک) وزیر قانون و تعلیم پنجاب رانا مشہود احمد خاں نے کالج اساتذہ کی دوران ملازمت پیشہ وارانہ تربیت کو یونیورسٹی آف ایجوکیشن کے ریگولر پروگرام کی شکل دینے کا اعلان کیا ہے۔ اس سلسلے میں کالج اساتذہ کو یونیورسٹی آف ایجوکیشن کے 10 کیمپسز میں ٹریننگ دینے کا باقاعدہ سلسلہ اگلے ماہ اکتوبر میں شروع ہوگا جبکہ سکولوں اور کالجوں میں بطور ٹیچرز بھرتی ہونے والوں کے لئے ڈائریکٹوریٹ آف سٹاف ڈویلپمنٹ میں پری سروس ٹریننگ کا اہتمام بھی باقاعدگی کے ساتھ کیا جائے گا۔
انہوں نے یہ بات یونیورسٹی آف ایجوکیشن ٹائون شپ کیمپس کے ڈائریکٹوریٹ آف ریسرچ میں ساٹھ کالج اساتذہ کی دوران ملازمت دس روزہ تربیتی ورکشاپ کی اختتامی تقریب سے خطاب میں بتائی۔ تقریب کی صدارت وائس چانسلر ڈاکٹر فیض الحسن نے کی۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ کالج اساتذہ کی دوران ملازمت تربیت کو ایجوکیشن سیکٹر ریفارمز کے روڈ میپ کا لازمی حصہ بنا دیا گیا ہے۔ ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کالج اساتذہ کے پی ایچ ڈی پراجیکٹس کی فنڈنگ بھی خود کرے گا۔