اسلام آباد (جیوڈیسک) ہائی کورٹ نے 3 دنوں میں وفاقی اسکول اور کالجز پولیس اہلکاروں سے خالی کرانے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر تعلیمی ادارے منگل تک خالی نہ کئے گئے تو عدالت کارروائی کرے گی۔
لاہور ہائی کورٹ میں تحریک انصاف کی درخواست کی سماعت کے دوران ڈپٹی کمشنر اسلام آباد مجاہد شیر جان نے کہا کہ اس وقت 16 اسکول ایسے ہیں جہاں پولیس اہلکار رہائش پذیر ہیں جب کہ باقی تمام اسکول اور کالجز خالی کروا لئے گئے جس پر جسٹس اطہرمن اللہ نے تمام اسکول خالی کرانے کا حکم دیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو ہدایت کی کہ اگر کوئی شخص اسکول خالی کرانے میں رکاوٹ بن رہا ہے تو اس کی نشاندہی کی جائے۔
عدالت اس کے خلاف کارروائی کرے گی تاہم اس وجہ سے کسی بچے کا تعلیمی سال ضائع نہیں ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ اگر منگل تک اسکول خالی نہ کرائے گئے تو پھر عدالت کارروائی کرے گی۔