کولوراڈو (جیوڈیسک) امریکی ریاست کولوراڈو میں سیلابی ریلوں سے تباہی کا سلسلہ جاری ہے۔ ہلاکتوں کی تعداد 5 ہو گئی جب کہ درجنوں افراد لا پتا ہیں۔ ریاست کولوراڈو میں 3 دن پہلے 73 سال کا رکارڈ توڑ دینے والی شدید بارشوں کے بعد آنے والے سیلاب کے باعث کئی چھوٹے قصبے زیرِ آب آ گئے۔
سڑکیں دریا کا منظر پیش کرنے لگیں اور کئی گھر بہہ گئے۔ حکام کے مطابق اب بھی سیکڑوں افراد لاپتا ہیں جن کی تلاش کے لیے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ کل بھی ریسکیو اداروں نے کولوراڈو کے کئی علاقوں سے ہزاروں افراد کو نکال کر محفوظ مقام پر منتقل کیا تھا۔ ماہرین موسمیات کے مطابق ریاست میں بارشوں کا سلسلہ ابھی دو دن اور چلے گا۔