کولمبو (جیوڈیسک) سری لنکا اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلے جانے والے تیسرے ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن کھیل کے اختتام پر میزبان ٹیم نے آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 312 رنز بنا لیے ہیں۔ یوں اسے آسٹریلیا پر دوسری اننگز میں 288 رنز کی برتری حاصل ہو چکی ہے۔
اس سے قبل سری لنکا کے 355 رنز کے جواب میں آسٹریلیا نے اپنی پہلی اننگز میں 379 رنز بنائے تھے۔ آسٹریلیا کی جانب سے شان مارش اور کپتان سٹیون سمتھ نے سنچریاں اور مچل مارش نے نصف سنچری سکور کی۔
سری لنکا کی دوسری اننگز کی سب سے خاص بات کوشل سلوا کی سینچری تھی جنہوں نے 10 چوکوں کی مدد سے 115 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ سری لنکا کی تیسرے ٹیسٹ میچ میں پوزیشن مضبوط ہو چکی ہے۔
آسٹریلیا کے نیتھن لیون چار وکٹیں حاصل کرکے کامیاب بولر رہے جبکہ سٹرک اور ہولینڈ نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ خیال رہے کہ تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں سری لنکا کو پہلے ہی دو صفر کی برتری حاصل ہے۔