کرنل (ر) سلطان سرخرو پر بنگلہ دیش حکومت کا جنگی جرائم کا مقدمہ چلانے کا اعلان

Lahore

Lahore

لاہور : کرنل (ر) سلطان سرخرو اعوان پر بنگلہ دیش حکومت کا جنگی جرائم کا مقدمہ چلانے کا اعلان،پاکستان کے لئے لڑا ہوں،مجھے فخر ہے،اب بھی وطن کے لئے جان قربان کرنے کے لئے تیار ہوں، کرنل(ر) سلطان سرخرو اعوان کی گفتگو۔

تفصیلات کے مطابق جماعت اسلامی کے رہنمائوں اورمحب وطن پاکستانیوں کو بنگلہ دیش میں پھانسیوں کے بعد بنگلہ دیش حکومت نے ان پاکستانی فوجیوں پر بھی جنگی جرائم کا مقدمہ چلانے کا اعلان کیا ہے جنہوں نے اس جنگ میں حصہ لیا تھا۔

اس حوالہ سے بنگلہ دیش حکومت نے 156پاکستانی فوجیوں کی فہرست بھی جاری کی ہے جس میں ونہار تلہ گنگ سے سابق رکن پنجاب اسمبلی،کرنل(ر) سلطان سرخرواعوان کا نام بھی شامل ہے۔تلہ گنگ کے مقامی آن لائن اخبار وائس آف تلہ گنگ نے کرنل(ر) سلطان سرخرواعوان سے رابطہ کیا تو انکا کہنا تھا کہ مجھے فخر ہے کہ میں پاکستان کے لیے لڑا۔

مشرقی پاکستان کے محاذ پر میں نے نہ صرف جنگ لڑی بلکہ زخمی بھی ہوا اور وہاں قید بھی رہا ۔انہوں نے کہا کہ میں نے پاکستان کی بقا کی جنگ لڑی ہے اس وقت بنگلہ دیش کا کوئی تصور نہیں تھا وہاں میں مشرقی پاکستان کے تحفظ کے لیے لڑا اور مجھے اس پر فخر ہے اب بھی مادر وطن نے جان کا نذرانہ مانگا تو میں حاضر ہوں۔