کراچی (اسپورٹس رپورٹر) کالونی اسپورٹس فٹ بال کلب کے زیر اہتمام نیشنل بنک آف پاکستان کے تعاون سے کالونی اسپورٹس کمپلیکس ملیر پر جاری آل پاکستان نیشنل بنک فٹ بال ٹورنامنٹ میں مزید 2کوارٹر فائنل کے فیصلے ہوگئے ٹورنامنٹ کے تیسرے کوارٹر فائنل میں پاکستان اسٹیل ملز کی ٹیم نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے مضبوط حریف ایکوا فٹ بال کلب کوئٹہ کو 2-1سے شکست دیکر سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرلی کھیل کے دوران پہلے ہاف میں مقابلہ 1-1گول سے برابر تھا ایکوا کلب کی جانب سے کھیل کے 12ویں منٹ میں نذیر نے ہیڈر کے ذریعے خوبصورت گول اسکور کیا لیکن کھیل کے 39ویں منٹ میں پاکستان اسٹیل ملز کے عبدالواہاب نے شاندار گول کرکے مقابلہ 1-1سے بر ابر کردیا دوسرے ہاف میں 60ویں منٹ پر اسٹیل ملز کے متبادل کھلاڑی اکرم نے طارق خان کے خوبصورت کراس پر گیند کو جال میں ڈال کر مقابلہ 2-1کردیا جو کھیل کے اختتام تک برقرار رہا ۔ٹورنامنٹ میں کھیلے گئے چوتھے اور آخری کوارٹر فائنل مقابلے میں کراچی پورٹ ٹرسٹ کی ٹیم نے اپنے عمدہ کھیل کے ذریعے کوئٹہ کی معروف ٹیم اے کے ایف سی کوئٹہ کو 3-1سے ز یر کرکے سیمی فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔
کراچی پورٹ ٹرسٹ کی جانب سے ظفر مجید نے ایک اور جنید نے 2خوبصورت گول اسکور کرکے اپنی ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا جبکہ ایکوا کلب کوئٹہ کا واحد گول افتخار حسن نے کھیل کے 70ویں منٹ میں اسکور کیا میچ کے اختتام پر مہمان خصوصی ایکوا کلب کوئٹہ کے منیجر حاجی عبیدا للہ کا دونوں ٹیموں سے تعارف کرایا گیا اس موقع پر ٹورنامنٹ آرگنائزر ضمیر السلام ،کپتان پی آئی اے نصر اللہ ،امیر محمد خان ،ایم خالد نیشنل بنک ،منور خان ،عدنان ،عابد اور دیگر موجود تھے ۔ٹورنامنٹ میں کھیلے گئے دونوں کوارٹر فائنل مقابلے میں ریفریز کے فرائض نیشنل فٹ بال ریفری جہانگیر خان ،جاوید بنگش،نصیر عمر بلوچ ،شاہنواز بلوچ ،انیس اختر بلوچ ،اور شوکت علی خان نے انجام دیئے جبکہ میچ کمشنر ایم خالد نیشنل بنک اور منور خان جبکہ میڈیا کوارڈینٹر شیر افضل تھے ۔