کراچی (اسپورٹس رپورٹر) کالونی اسپورٹس فٹ بال کلب کے زیر اہتمام نیشنل بنک آف پاکستان کے تعاون سے کالونی اسپورٹس کمپلیکس پر جاری آل پاکستان نیشنل بنک فٹ بال ٹورنامنٹ اختتامی مراحل میں داخل ۔ٹورنامنٹ کا آخری سیمی فائنل مقابلہ کراچی کی قدیم ٹیم کراچی پورٹ ٹرسٹ نے باآسانی ٹورنامنٹ میں مضبوط اور فیورٹ ٹیم پاکستان اسٹیل ملز کو 5-1سے اپ سیٹ شکست دیکر فائنل تک رسائی حاصل کرلی کھیل کے دوران ابتداء ہی سے دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے پر سبقت لے جانے کے لئے بھر پور جدو جہد کی کھیل کی خاص بات کراچی پورٹ ٹرسٹ کے مایہ ناز کھلاڑی محمد کا عمدہ کھیل تھا۔
جنہوں نے 3 خوبصورت گول کرکے اپنی ہیٹ ٹرک مکمل کی جبکہ جنید قادر نے 2گول اسکو رکئے پاکستان اسٹیل ملز کی جانب سے واحد گول ثناء اللہ نے کھیل کے آخری لمحات میں انجام دے کر مقابلہ 5-1کردیا کھیل کے اختتام پر مہمان خصوصی ڈسٹرکٹ فٹ بال ایسوسی ایشن کراچی ایسٹ کے صدر و حق پرست رکن صوبائی اسمبلی سید خالد احمد سے دونوں ٹیموںکے کھلاڑیوں کا تعارف کرایا گیا اس موقع پر ڈی ایف اے ایسٹ کے گروپ لیڈر سید عثمان شاہ ،سیکریٹری ایسٹ عبیدا للہ خان ،صدر کالونی اسپورٹس گلفراز احمد خان ،نائب صدر سندھ فٹ بال ایسوسی ایشن فتح محمد بلوچ ،ٹورنامنٹ آرگنائزر ضمیر السلام ،سید لقمان شاہ ،اجمل خٹک ،استاد حیدر ،امیر محمد خان ،محمد مناف ،عابد ،رضوان و دیگر موجود تھے۔
اس موقع پر ٹورنامنٹ آرگنائزر ضمیر السلام نے مہمان خصوصی حق پرست رکن صوبائی اسمبلی سید خالد احمد کو ٹورنامنٹ کا اعزازی شیلڈ بھی پیش کیا ٹورنامنٹ میں کھیلے گئے آخری سیمی فائنل مقابلے میں ریفریز کے فرائض نیشنل فٹ بال ریفری جہانگیر خان ،جاوید بنگش ،نصیر عمر بلوچ ،شاہ جہاں بلوچ نے انجام دیئے جبکہ میچ کمشنر ایم خالد نیشنل بنک اور میڈیا کوارڈینٹر شیر افضل تھے ۔