رنگ ونور کی برسات میں ’’پردہ‘‘ گر گیا

Ceremony

Ceremony

انچیون (جیوڈیسک) رنگ و نور کی برسات میں 17 ویں ایشین گیمز کا ’پردہ‘ گر گیا، آتشبازی، ثقافتی رقص اور تائیکوانڈو کے بے مثال مظاہرے میں انچیون کو الوداع کہا گیا۔ 151 گولڈ میڈلز کے ساتھ چینی بادشاہت قائم رہی، میزبان جنوبی کوریا نے بھی سونے کے 79 سکے اپنے دامن میں بھرے۔

45 ممالک میں پاکستان کا 23 واں نمبر رہا، 36 کھیلوں میں مجموعی طور پر 14 نئے عالمی ریکارڈز قائم ہوئے۔ تفصیلات کے مطابق جنوبی کورین شہر انچیون میں 16 دن تک کھیلوں کا میلہ سجانے کے بعد 17 ویں ایشین گیمز اختتام پزیر ہوگئے۔

ایونٹ میں 45 ممالک کے 14 ہزار ایتھلیٹس اور اسٹاف ممبران شریک ہوئے، 36 کھیلوں میں 439 گولڈ میڈلز کیلیے جنگ چھڑی رہی۔ 14 نئے عالمی ریکارڈ قائم ہوئے، ان میں تیر اندازی، شوٹنگ اور ویٹ لفٹنگ شامل ہیں، کئی ایشیائی ریکارڈز بھی ٹوٹے۔

گیمز کا اختتام بھی شایان شان انداز میں ہوا،اس کے ماسٹر مائنڈ جنوبی کوریا کے فلم ڈائریکٹر جینگ جن نے 2 ہفتہ قبل افتتاحی تقریب بھی سجائی تھی۔ الوداعی تقریب کا مرکزی خیال ’ انچیون کے یادگارلمحات‘ تھا، اس کا آغاز آتشبازی کے خوبصورت مظاہرے سے ہوا۔

پاپ میوزک کا بھرپور تڑکا لگایا گیا، مختلف فنکاروں نے اپنی پرفارمنس سے حاضرین و ٹی وی ناظرین کے دل لبھائے، کے پاپ گرلز نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا، قازقستان کے ایک لوک رقص کا بھی مظاہرہ کیا گیا۔

اس موقع پر مارشل آرٹ کے عالمی ہیڈکوارٹر ’ککیوان‘ کے ممبرز کی جانب سے تائیکوانڈو کا بے مثال مظاہرہ کیا گیا۔ ایک بڑی اسکرین پر ایشین گیمز کے اہم مواقع کی ویڈیو فوٹیج دکھائی گئی۔ ایشین گیمز میں اس بار بھی چین کی بادشاہت قائم رہی، اس نے مجموعی طور پر 343 میڈلز حاصل کیے۔

ان میں 151 سونے کے تھے، دوسرے نمبر پر جنوبی کوریا رہا،اس نے 79 گولڈ سمیت 234 تمغے حاصل کیے، جاپان نے 199 میڈلز حاصل کیے، ان میں 47 سونے کے تھے، بھارت نویں نمبر پر آیا، اس نے57 تمغے جیتے جس میں 11 سونے کے تھے۔ پاکستان 45 ممالک میں 23 ویں نمبر پر رہا جس کے ایتھلیٹس مجموعی طور پر 5 تمغہ جیت پائے، جس میں ایک سونے، ایک چاندی اور تین کانسی کے تھے۔