اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر اعظم نواز شریف کی زیر صدارت مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس آج اسلام آباد میں ہوگا جس میں مردم شماری کرانے کی منظوری دیے جانے کا امکان ہے، جبکہ وفاق اور صوبوں کے درمیان مختلف وزارتوں اور اداروں کے متنازع امور پربھی بات کی جائے گی۔
اجلاس وزیراعظم نوازشریف کی زیرصدارت ہوگا جس میں چاروں وزرائے اعلیٰ اور رکن وفاقی وزرا بھی شریک ہوں گے۔ ملک میں مردم شماری کا معاملہ گزشتہ ایک سال سے منظوری کا منتظر ہے، ذرائع کے مطابق صوبوں سے مشاورت کے بعد اس کی منظوری دے دی جائے گی اور وقت کا تعین بھی کر دیا جائیگا۔
ذرائع کے مطابق مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس میں لاکھڑا پاور پراجیکٹ منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا جبکہ بجلی وگیس چوری کی روک تھام کے نئے قوانین کے نفاذ کا معاملہ بھی زیر غور آئے گا۔ اجلاس میں صوبوں کو بجلی وگیس کی فراہمی کے معاملے کا بھی جائزہ لیا جائیگا اور وفاق سے صوبوں کومنتقل ہونے والی وزارتوں اور اداروں کے متنازع امور پر بھی بات کی جائے گی۔