ممبئی (جیوڈیسک) مقبول عام کامیڈی شو کامیڈی نائٹس وِد کپل 2016ء میں بند ہونے جا رہا ہے۔ اس کی آخری قسط 17 جنوری کو نشر کی جائے گی۔
اطلاعات کے مطابق کپل شرما اور ان کی ٹیم نے یہ کٹھ فیصلہ اسی چینل پر نشر ہونے والے ایک اور کامیڈی پروگرام ’کامیڈی نائٹس بچاؤ‘ کی وجہ سے کیا ہے۔ چینل پر الزامات ہیں کہ وہ ’کامیڈی نائٹس بچاؤ‘ کی زیادہ تشہیر کر رہا ہے۔
کپل شرما بھارتی چینل کے غیر سنجیدہ رویے سے شدید ناراض ہیں۔ اس لئے انہوں نے اپنی ٹیم کی مشاورت سے یہ پروگرام اب بند کرنے کا اٹل فیصلہ کر لیا ہے۔ یہ بھی الزامات ہیں کہ کامیڈی نائٹس ود کپل‘ میں آنے والے مہمانوں کو ’کامیڈی نائٹس بچاؤ‘ میں بھی شرکت کے لیے کہا جاتا ہے۔
دوسری جانب ٹی وی چینل کی جانب سے ابھی تک کامیڈی نائٹس ود کپل کو بند کرنے کی تصدیق یا تردید نہیں کی گئی ہے۔ کامیڈی نائٹس ود کپل کی پہلی قسط 22 جون 2013 کو نشر ہوئی تھی۔