کوئٹہ (جیوڈیسک) کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل ناصر خان جنجوعہ نے کوئٹہ میں خود کش حملہ ناکام بنا کر اپنی جان کی قربانی دینے والے چوکیدار کے گھر جاکراہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا۔
کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل ناصر جنجوعہ نے عیدالفطر سے ایک روز قبل کوئٹہ میں خود کش حملہ ناکام بنانے والے نجی کمپنی کے چوکیدار طالب حسین کے گھر جاکر ان کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا۔ اس موقع پران کا کہنا تھا کہ طالب حسین شہید نے اپنی جان کا نذرانہ دے کر سیکڑوں لوگوں کی جان بچائی جن کی قربانی ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔
واضح رہے کہ عید الفطر سے قبل ’چاند رات‘ کو خود کش بمبار نے کوئٹہ میں بروری روڈ پر واقع سرداربہادر خان ویمن یونیورسٹی سے ہزارہ ٹاون میں داخل ہونے کی کوشش کی تاہم ناکے پر کھڑے چوکیدار طالب حسین نے حملہ آور کو پکڑ لیا جس پر خودکش بمبار نے خود کو دھماکے سے اڑالیا تھا۔