میلبورن (جیوڈیسک) بھارتی اداکارہ انوشکا شرما میلبورن میں کھیلے جانے والے انڈیا اور آسٹریلیا کے تیسرے ٹیسٹ میچ میں شریک تھیں جہاں ایک کمنٹیٹر نے بالی وڈ اداکارہ کو ویرات کوہلی کی بیوی قرار دے دیا۔
میچ کے آخری دن سابق کرکٹر اور اب کمنٹیٹر مائیکل سلیٹر نے انوشکا کو ویرات کی بیوی کہہ کر متعارف کرایا، مگر جیسے ہی کسی نے مائیکل سلیٹر کو غلطی کا احساس دلایا تو انہوں نے فوری طور پر انوشکا کو ویرات کوہلی کی منگیتر کہنا شروع کر دیا۔
واضع رہے کہ بالی وڈ حسینہ انوشکا شرما کا کرکٹر ویرات کوہلی کے ساتھ تعلق اکثر خبروں میں آتا رہتا ہے اور یہ جوڑا کئی بار اکھٹے نظر آیا ہے بلکہ اب تو یہ دونوں آسٹریلیا میں ایک ساتھ ہیں۔
یاد رہے کہ ویرات کوہلی نے انوشکا شرما کے ساتھ تعلقات کا اعتراف کیا ہے۔ ایک بھارتی ٹی وی سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ انوشکا شرما کے ساتھ ان کے تعلقات سے متعلق قیاس آرائیاں کرنے کے بجائے لوگوں کو اس کا احترام کرنا چاہئے کیونکہ یہ ان کا ذاتی معاملہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ میرے اور انوشکا کے خیال میں اگر کسی کو ایک ساتھ دیکھا جاتا ہے اور پھر بھی لوگ پوچھتے ہیں کہ کیا سچ ہے تو یہ معاملہ عام فہم کا ہے۔ اگر آپ جانتے ہیں تو پھر اس سوال کا کوئی جواز نہیں بنتا اور ہم جو کر رہے ہیں اس میں کوئی قباحت نہیں۔