کمرشل صارفین مہنگی بجلی کا بوجھ عام آدمی پر ڈالیں گے، شاہانہ فاروقی

لاہور : پاکستان مسلم لیگ پنجاب شعبہ خواتین کی صدر شاہانہ فاروقی نے کہاہے کہ عید سے قبل بجلی مہنگی کرکے عوام کو اذیت دی گئی موجودہ حکمرانوں کو اب غریب کی چیخیں سنائی کیوں نہیں دے رہی، انہوں نے اپنے بیان میں بجلی کی قیمتوں میں ہونے والے اضافہ کو واپس لینے کا مطالبہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ جی ایس ٹی اور 15 قسم کے ٹیکسوں اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کے بعد کمرشل صارفین اور انڈسٹری کو مہنگی بجلی فراہم کرنے کا بوجھ بھی عام آدمی پر پڑے گا، عوام میں اب اتنی سکت نہیں کہ ان پر مزید بوجھ ڈالا جائے، انہوں نے کہا کہ اب تک ہزاروں میگا واٹ پیدا کرنے کے ایم او یو سائن کیے گئے اور قوم کو بجلی بحران ختم کرنے کی نوید دی گئی۔

مگر بجلی مہنگی کرکے بحران ختم کرنا انڈسٹری کے مفاد میں ہے اور نہ ہی عوام مہنگی بجلی استعمال کرنے کی سکت رکھتے ہیں شاہانہ فاروقی نے کہا کہ خزانہ خالی ہے ، یہ پرانا اور گھسا پٹا ،موقف ہے، 2002 ء میں بھی خزانہ خالی تھا مگر پھر بھی مسلم لیگ کی حکومت نے ڈالر 62 روپے، پٹرول 55 روپے اور آٹا 16 روپے کلو سے بڑھنے نہ دیا۔