اسلام آباد (جیوڈیسک) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ پاناما کیس میں کمیشن بنانے کا وقت چلا گیا ہے ، اب تم ہم عدالتوں میں پھنسے ہوئے تھے اب عوام کی عدالت میں جائیں گے۔
سپریم کورٹ میں پاناما کیس کی سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ پاناما کیس میں ساری قوم کی نگاہیں اس وقت سپریم کورٹ کی جانب لگی ہیں ، ہمیں امید ہے کہ سپریم کورٹ کا یہی بینچ کیس کا فیصلہ کرے گا۔
عمران خان نے کہا کہ وزیر اعظم اچھی طرح سن لیں ہم انہیں پاناما کیس بھولنے نہیں دیں گے ۔ عمران خان نے کہا کہ میرا قوم سے وعدہ ہے میں کیس کو منطقی انجام تک پہنچانے کی کوشش کروں گا ۔ انہوں نے کہا کہ پاناما لیکس نے حکمرانوں کو بے نقاب کر دیا۔
اگر پاناما لیکس ایسا نہ کرتا تو کبھی ان کی کرپشن بے نقاب نہ ہوتی ، ایک سوال کے جواب میں عمران خان نے کہا کہ پاناما کیس میں کمیشن کی ضرورت نہیں ہے امید ہے یہی بینچ کیس کا فیصلہ کر دے گا۔
چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ گلف سٹیل خسارے میں تھی پھر اس کے باوجود وزیر اعظم کے پاس پیسہ کہاں سے آگیا۔
عمران خان نے کہا کہ سراج الحق نے ٹھیک کہا کہ عرب ہمیں آب زمزم اور کھجوروں پر ٹرخا دیتے ہیں ، ایک اور سوال کے جواب میں عمران خان نے کہا کہ صدر نے کرپشن سے متعلق بیان میں وزیر اعظم کی طرف اشارہ کیا ہے۔