پشاور (جیوڈیسک) کمشنر ایف سی آر نے ڈاکٹر شکیل آفریدی کو فرنٹیر کرائمز ریگولیشن کے تحت دی گئی 33 سال قید کی سزا معطل کرتے ہوئے مقدمہ دوبارہ سماعت کیلئے پولی ٹیکل ایجنٹ خیبر ایجنسی کو بھجوانے کا حکم دیدیا۔ کمشنر ایف سی آر صاحبزادہ محمد انیس نے کالعدم تنظیموں سے رابطوں کے الزام کے تحت سزا پانے والے ڈاکٹر شکیل آفریدی کے کیس کی سماعت کی۔
وکلا کے دلائل سننے کے بعد کمشنر ایف سی آر نے ڈاکٹر شکیل کو ایف سی آر کے تحت دی گئی 33 سال قید کی سزا کو کالعدم قرار دیدیا۔ کمشنر نے ڈاکٹر شکیل کا مقدمہ واپس پولی ٹیکل ایجنٹ خیبر پختونخوا کو بھجوا دیا ہے۔ پولی ٹیکل ایجنٹ خیبر کا فیصلہ آنے تک ڈاکٹر شکیل آفریدی کی ضمانت نہیں ہوسکے گی۔