کراچی (اسپورٹس رپورٹر)کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی نے کہا کہ شہر میں امن کی کوششوں کو مستحکم کرنے کے لئے زیادہ سے زیادہ کھیلوں کی سرگرمیاں ضروری ہیں، کھیلوں سے متعلق غیر سرکاری تنظیموں کی کوششیں قابل تحسین ہیں، جو شہر میں کھیلوں کی سرگرمیوں کے فروغ دینے کے لئے کام کر رہی ہیں۔
ان خیالات کا اظہار وہ اپنے دفتر میں پاکستان اسپورٹس ویلفیئر ایسوسی ایشن اور یوتھ ایمپاورمنٹ سوسائٹی کے زیراہتمام کمشنر کراچی کپ شوٹنگ بال ٹورنامنٹ اور گرلز سائیکل ریس میں جیتنے والی ٹیموں اور کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کرتے ہوئے کیا ، انہوں نے کہا کہ خوش آئند بات ہے کہ کراچی میں نوجوان بھرپور کھیلوں میں حصہ لے رہے ہیں،خیرپور سے آنے والے نامور شوٹنگ بال کھلاڑی سید ظفر علی شاہ زیارت سے آنے والے شوٹنگ بال آرگنائزر محمد عارف اور پاک پی ڈبلیو ڈی کے اسپورٹس سیکریٹری سید فیاض حیدر کو کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی نے یادگار سونئیر پیش کیئے۔
کمشنر کراچی کپ شوٹنگ بال ٹورنامنٹ میں پہلی پوزیشن پاک پی ڈبلیو ڈی نے حاصل کی، پاک پی ڈبلیو ڈی کے کپتان اعجاز احمد نے ونر ٹرافی اور پانچ ہزا ر روپے نقد انعام وصول کیئے، دوسری پوزیشن شہباز شوٹنگ بال کلب نے حاصل کی شہباز کلب کے کپتان ملک ناصر نے رنر ٹرافی اور تین ہزار روپے نقد وصول کئے، گرلز سائیکل ریس میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے پراسماء علی بروہی کو پانچ ہزار، دوسری پوزیشن حاصل کرنے پر گل رخ کو تین ہزار اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی فضا الیاس کو دو ہزار روپے کیش ایوارڈ دیے گئے۔
تقریب سے ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ روبینہ آصف، فردوس اتحاد کی صدر صبازہری جمال، آرگنائزرنگ سیکریٹری غلام محمد خان ، نیشنل بینک کے عظمت اللہ خان اور سمیر شیخ نے خطاب کیا، اس موقع پر کھیلوں کی معروف شخصیات اصغر بلوچ باکسنگ شفیع محمد میرانی شوٹنگ بال محمد اسماعیل ایتھلیٹکس محمد علی جوڈو وا دیگر بھی موجود تھے۔