کمشنر لاہور عبداللہ سنبل کا قصور کا اچانک دورہ

قصور (محمد عمران سلفی سے) کمشنر لاہور ڈویژن لاہور عبداللہ خان سنبل کا گزشتہ روز قصور کا اچانک دورہ، ڈی ایچ کیو ہسپتال میں طبی سہولیات، اراضی ریکارڈ سنٹر، سکولوں میں سیکورٹی انتظامات، زیر تعمیر سپورٹس اسٹیڈیم اور ماڈل ریڑھیوں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انکے ہمراہ ڈی سی او قصور سلمان غنی، ڈی پی اوسید علی ناصر رضوی ، اسسٹنٹ کمشنر قصور محمد شاہ رخ نیازی،ڈی ایس پی سٹی محمد اکرام خاں اور دیگر افسران بھی ہمراہ تھے ۔ کمشنر لاہور ڈویژن عبداللہ خان سنبل نے ڈی ایچ کیو ہسپتال کا اچانک دورہ کیا اور وہاں پر شہریوں کو دی جانیوالی طبی سہولیات کا جائزہ لیا ۔ اس موقع پر ایم ایس ڈی ایچ کیو ہسپتال ڈاکٹر شہناز نسیم نے بریفنگ دی ۔ انہوں نے ایکسرے روم ، لیبارٹری ، میڈیسن سٹور ، آئوٹ ڈور وارڈ ، میڈیکل وارڈ ، سرجیکل وارڈ ، بچہ وارڈ ، ڈائیلسز وارڈ اور ایمرجنسی وارڈ کا معائنہ کیا اور ہسپتال کے ٹائیلٹس سمیت دیگر صفائی ستھرائی کے انتظامات کو چیک کیا ۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت عوام کو صحت کی تمام سہولیات پہنچانے کیلئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے اور صحت کے شعبہ کی ترقی کیلئے انقلابی اقدامات کئے جا رہے ہیں تا کہ دور دراز علاقوں کے عوام کو صحت کی تمام سہولیات میسر آسکیں ۔ محکمہ صحت کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ ہسپتال کی کارکردگی کو مزید بہتر بنائیں اور لگن ،محنت کیساتھ اپنے فرائض کی انجام دہی جاری رکھیں اور عوام کو بہتر سے بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں ۔علاوہ ازیں کمشنر لاہورڈویژن عبداللہ خان سنبل نے اراضی ریکارڈ سنٹر قصور کا دورہ کیا اور وہاں پرتمام انتظامات کو چیک کیا اور شہریوں سے کمپیوٹرائزڈ نظام کے حوالے سے سہولیات بارے آگاہی حاصل کی ۔ اس کے علاوہ انہوں نے کھیم کرن روڈ پر زیر تعمیر سپورٹس اسٹیڈیم کا دورہ کیا اور وہاں پر کام کے معیار کو چیک کیا اور متعلقہ افسران کو حکم دیا کہ سپورٹس اسٹیڈیم کی تعمیر کو جلد از جلد ممکن بنایا جائے ۔ اس کے علاوہ انہوں نے ایک نجی سکول کا بھی معائنہ کیا اور وہاں پر سیکورٹی کے حوالے سے کئے گئے تمام انتظامات کا جائزہ لیا ۔ آخر پر کمشنر عبداللہ خان سنبل نے دیگر افسران کے ہمراہ فوڈ سٹریٹ روڈ پر ماڈل ریڑھیوں کا جائزہ لیا اور ضلعی انتظامیہ کی کارکردگی کو سراہااور ضلعی افسران کو ہدایت کی کہ وہ عوامی خدمت کے جذبے کے تحت شہریوں کے فلاح و بہبود کیلئے اسی جذبے کیساتھ اقدامات جاری کریں۔

Visit

Visit

Visit

Visit

Visit

Visit