اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ عمران خان مدینہ کی ریاست کے نام پر سیاست کرنا بند کریں کیونکہ جھوٹا اور وعدوں سے مکرنے والا وزیراعظم ریاست مدینہ نہیں بنا سکتا۔
وزیراعظم عمران خان کے بیان پر ردعمل دیتےہوئے ن لیگ کی ترجمان کا کہنا تھا کہ جو خود حکومت میں این آر او سے آیا ہو اُسے این آر او کی بات کرتے ہوئے شرم آنی چاہیے۔
مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ عمران خان عید میلاد النبی ﷺ کے دن تو جھوٹ بولنے کا ناغہ کر لیتے، ریاست مدینہ کی باتیں کرنے والوں نے بے گناہ سیاسی مخالفین کو ان کوٹھریوں میں رکھا ہوا ہے جہاں سزائے موت کے قیدی رکھے جاتے ہیں۔
ترجمان ن لیگ کا کہنا ہے کہ مدینہ کی ریاست میں غریب کی روٹی بند، کاروبار بند اور روزگار بند کر کے اپنے دوستوں کو نوازا نہیں جاتا تھا، آپ جنہیں چور اور ڈاکو کہتے ہیں ایک سال میں تمام سرکاری ریکارڈ ہونے کے باوجود عوام کی امانت میں خیانت کا الزام تک نہ لگا سکے۔
مریم اورنگزیب کا مزید کہنا ہے کہ ریاست مدینہ کی باتیں کرنے والوں نے حج پہ سبسڈی بند کر کے اپنے دوستوں اور عزیزوں کو این آر او سے نوازا، ریاست مدینہ کی باتیں کرنے والے پشاور کے ایک ارب کے کھڈے کھودنے والوں کو چوراہے پہ پھانسی لگائیں۔
واضح رہے کہ عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر اسلام آباد میں منعقد بین الاقوامی رحمۃ اللعالمینﷺ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ لوگ پوچھتے ہیں کہ نیا پاکستان اور ریاست مدینہ کی طرز پر پاکستانی ریاست کب بنے گی؟
عمران خان کا کہنا تھا میں ان سے کہتا ہوں کہ مدینہ کی ریاست پہلے دن ہی نہیں بن گئی تھی، ہو سکتا ہے جب پاکستان ریاست مدینہ کی طرح بنے ہم زندہ نہ ہوں۔
وزیراعظم نے کہا کہ ملک کو کنگال کرنے والوں کو معاف کرنے کا مجھے اختیار نہیں، نبی کریم ﷺ نے بدعنوان عناصر کو عبرتناک سزائیں دیں، رحم کمزور اور غریب طبقے کے لیے ہے، بڑے ڈاکوؤں پر رحم نہیں کیا جاتا، لوٹ مار کرنے والوں پر رحم اور این آر او سے معاشرے کا بیڑا غرق ہوتا ہے۔