مجلس وحدت مسلمین ضلع راولپنڈی اسلام آباد کے زیراہتمام شام پر ممکنہ امریکی حملے اور مصر میں جمہوری حکومت کو ختم کرنے کیخلاف احتجاجی مظاہرہ

ملک بھر کی طرح راولپنڈی میں بھی مجلس وحدت مسلمین ضلع راولپنڈی اسلام آباد کے زیر اہتمام شام پر ممکنہ امریکی حملے اور مصر میں جمہوری حکومت کو ختم کرنے اور فوجی مداخلت کیخلاف لیاقت باغ راولپنڈی پریس کلب کے سامنے احتجاج مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے میں جڑواں شہروں سے لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔مظاہرہ کی قیادت مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے ترجمان علامہ اصغر عسکری نے کی۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اور بینرز بھی اٹھا رکھے تھے جن پر مصر اور شام کے حق میں نعرے درج تھے۔

مظاہرین سے ضلع اسلام آباد کے سیکرٹری جنرل ظہیر نقوی، راولپنڈی کے سیکرٹری جنرل سعید رضوی اور ایم ڈبلیو ایم پنجاب کے ترجمان علامہ اصغر عسکری نے خطاب کیا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ شام پر ممکنہ امریکی حملہ عالم اسلام پر حملہ ہوگا، مسلم ممالک کو امریکی جارحیت سے روکنے کیلئے بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے۔ پیسہ ہم دیں گے اور حملہ تم کرو کی عرب پیش کش کی بھی شدید مذمت کی گئی۔مقررین کا کہنا تھا کہ عالم اسلام پر یہ کیسا وقت آن پڑا ہے کہ مسلمان ممالک ایک مسلم ملک پر یہود نصاریٰ کے حملے کے منتظر ہیں اور دعوت دی جارہی ہے۔

مقررین نے مصر میں جموری حکومت کے خاتمے اورعرب ممالک کی حمایت کی شدید مذمت کی۔ مقررین کا کہنا تھا کہ خادمین حرمین شریفین کا پتہ لگ چکا ہے کہ وہ کس کے خادم اور خدمت گذار ہیں۔ مقررین نے آل پارٹیز کانفرنس میں طالبان سے مذاکرات کی بھی شدید مذمت کی اور کہا کہ پچاس ہزار پاکستانیوں کے قاتلوں سے مذاکرات کسی صورت قبول نہیں ہیں۔ شہداء کے لواحقین کو اعتماد میں لئے بغیر مذاکرات کرنا ملک سے غدار ہوگی۔ آخر میں ایک قرارداد پیش کی گئی جس میں شام پر امریکی حملے، مصر میں جمہوری حکومت کے خاتمے اور پاکستان میں طالبان سے مذاکرات کی مذمت کی گئی۔