مجلس وحدت مسلمین کے سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری اور اصر عباس شیرازی نے کراچی کے الیکشن دوبارہ فوج کی کڑی نگرانی میں کرانے کا مطالبہ کیا ہے
Posted on May 13, 2013 By Noman Webmaster سٹی نیوز
مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری، مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ محمد امین شہیدی اور مرکزی سیکرٹری سیاسیات ناصر عباس شیرازی نے کراچی کے الیکشن دوبارہ فوج کی کڑی نگرانی میں کرانے کا مطالبہ کیا ہے کہ اور کہا ہے کہ ایم کیو ایم نے شہر قائد میں دھاندلی کی ایک نئی تایخ رقم کردی ہے۔
تمام سیاسی جماعتوں کے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالا ہے جسے کسی صورت قبول نہیں کرتے۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے لوگوں نے جہاں بس چلا وہاں پولنگ اسٹیشن پر قبضہ کیا اور جہاں نہیں چلا وہاں پر ووٹرز کو حراساں کیا گیا اور بیلٹ پیپرز پر مہریں لگاتے رہے لیکن انہیں روکنے والا کوئی نہیں تھا۔
مشترکہ بیان میں رہنماؤں کا کہنا تھا کہ اس دوران این اے 253سے مجلس وحدت مسلمین کے امیدوار اصغر عباس زیدی کو آغوا کرلیا گیا جبکہ کئی دیگر حلقوں میں چھ سے زائد کارکنوں کو زخمی کردیا گیا۔ الیکشن کے حتمی نتائج کسی صورت قبول نہیں ہوں گے اور تمام سیاسی جماعتیں مطالبہ کرتی ہیں کہ کراچی میں الیکشن دوبارہ فوج کی نگرانی میں کرائے جائیں۔
بصورت دیگر شدید احتجاج کیا جائے گا۔ انہوں نے الیکشن کمیشن کی کارکردگی پر سوال اٹھایا اور کہا کہ الیکشن کمیشن کے صاف، شفاف اور غیرجانبدار الیکشن کے تمام دعووں کی قلعی کھل چکی ہے۔ جس منڈیٹ کے تحت الیکشن کمیشن کو انتخابات کرانے کی ذمہ داری سونپی گئی تھی اس میں وہ بری طرح سے ناکام ہوا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ تاریخ کی بدترین دھاندلی نے پاکستان کا عالمی سطح پر تاثر بھی خراب کیا ہے جس کی تمام تر ذمہ داری الیکشن کمیشن پر عائد ہوتی ہے۔ الیکشن سے قبل کمیشن کو تمام جماعتوں کی طرف سے تحفظات کا اظہار کیا گیا لیکن الیکشن کمیشن کے کانوں پر جوں تک نہ رینگی اور کوئی عملی اقدامات نہیں اٹھائے۔