لندن (جیوڈیسک) چین کی جانب سے 2 سال کے بعد شرح سود میں کمی اور یورپی مرکزی بینک کی جانب سے خطے میں تفریط زر سے نمٹنے کے لیے معاشی پیکیج پیش کیے جانے کے امکانات پر گزشتہ ہفتے اجناس کی عالمی منڈیوں میں قیمتوں میں اضافے کا رجحان دیکھا گیا۔
گزشتہ ہفتے خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، لندن انٹرکانٹنینٹل ایکس چینج میں کاروباری ہفتے کے اختتام پر برینٹ نارتھ سی خام تیل کی جنوری میں فراہمی کے لیے قیمت 78.77 ڈالر سے بڑھ کر 80.36 ڈالر فی بیرل ہوگئی جبکہ نیویارک مرکنٹائل ایکس چینج میں امریکی آئل ڈبلیوٹی آئی یا لائٹ سوئٹ کروڈ کے نرخ 74.92 ڈالر سے بڑھ کر 76.51 ڈالر فی بیرل پر آگئے۔
گزشتہ ہفتے قیمتی دھاتوں کے بھاؤ بھی بڑھ گئے، جمعہ کو کاروباری ہفتے کے اختتام پر لندن بلین مارکیٹ میں سونے کی قیمت 1169 ڈالر سے بڑھ کر 1202 ڈالر فی اونس پر پہنچ گئی جبکہ چاندی کے نرخ 15.35 ڈالر سے بڑھ کر 16.30 ڈالر فی اونس ہوگئے۔
لندن پلاٹینم و پلاڈیم مارکیٹ میں پلاٹینم کی قیمت 1178 ڈالر سے بڑھ کر 1230 ڈالر فی اونس اور پلاڈیم کی قیمت 34 ڈالر کے اضافے سے 794 ڈالر فی اونس ہوگئی، بنیادی یا صنعتی دھاتوں کے نرخ بھی گزشتہ ہفتے بڑھ گئے۔
لندن میٹل ایکس چینج میں تانبے کی قیمت ایک ہفتے میں 124 ڈالر کے اضافے سے 6 ہزار 740 ڈالر فی ٹن، ایلومینیم کی 45 ڈالر بڑھ کر 2 ہزار 61 ڈالر فی ٹن، لیڈ کی 43 ڈالر بلند ہو کر 2063 ڈالر فی ٹن، ٹین کی 465 ڈالر کے اضافے سے 20 ہزار 295 ڈالر فی ٹن،قلعی کی قیمت 1071 ڈالر بڑھ کر 16 ہزار 463 ڈالر فی ٹن اور جست کی 59 ڈالر کے اضافے سے 2 ہزار302 ڈالر فی ٹن ہوگئی۔
گزشتہ ہفتے برازیل میں موافق موسم کی وجہ سے چینی کی عالمی مارکیٹ دباؤ میں رہی اور نرخ 3 ڈالر کی کمی سے 417 ڈالر فی ٹن ہوگئے جبکہ خام چینی کی قیمت 15.99 سینٹ سے گھٹ کر 15.96 سینٹ فی پاؤنڈ ہوگئی۔