عام وبا نے مشکلات کے ساتھ ساتھ کاروبار کے نئے مواقع بھی پیدا کیے ہیں، ترک صدر

Recep Tayyip Erdogan

Recep Tayyip Erdogan

ترکی (اصل میڈیا ڈیسک) صدر رجب طیب ایردوان کا کہنا ہے کہ کورونا وبا نے اپنے ہمراہ مختلف مشکلات ، مسائل بھی لائے ہیں تو کاروباری دنیا کے لیے نت نئے مواقع بھی پیدا کیے ہیں۔

صدر ایردوان نے کل شام ترکی نوجوان کاروباری شخصیات کی کنفیڈریشن کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے ارکان کو شرف ملاقات بخشنے کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے بتایا ہے کہ سال 2020 میں رونما ہونے والی عام وبا نے دنیا بھر کی طرح ترکی کو بھی مشکلات سے دو چار کیا ہے ، جس کے بعد اس طرح کے حالات میں مضبوط ہیلتھ انفراسٹرکچر سمیت پیداوار میں تحقیقات و فروغ، برآمدات میں تجارتی منڈی اور مصنوعات کے تنوع کی اہمیت کا واضح اور قطعی طور پر مشاہدہ ہوا ہے۔

ترک فرموں کی معیاری مصنوعات، نسبتاً کم نرخ اور قابلِ اعتماد ہونے نے کووڈ۔19 کے دور میں اپنے خریفوں پر سبقت لینے پر زور دینے والے جناب ایردوان نے بتایا کہ ’’برآمدات میں ہم نے گزشتہ برس کے 169.5 ارب کے درمیانی مدت کے پروگرام ہدف کو 5 ارب سے زائد رقوم کے ساتھ پار کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے۔ ترک برآمد کنندگان کی تعداد 87 ہزار 400 سے بھی زائد ہو گئی ہے تو گزشتہ برس پہلی بار برآمدات کرنے والی فرموں کی تعداد 18 ہزار 123 تک جا پہنچی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ سال 2020 میں ملک میں قائم ہونے والی فرموں کی تعداد عام وبا کے باوجود 20 فیصد کی شرح سے بڑھتے ہوئے 1 لاکھ 1 ہزار 318 تک ہو گئی ہے۔

ترک صدر نے مزید بتایا کہ سرمایہ کاری ماحول میں مزید بہتری آئے گی، اور سرمایہ کاری کو توقع سے کہیں زیادہ سطح تک بڑھانے کے لیے سازگار ماحول کے قیام کے لیے تمام تر اقدامات اٹھائے جائینگے۔