اسلام آباد (جیوڈیسک) مشترکہ مفادات کونسل نے قومی توانائی پالیسی کی منظوری دے دی۔ کول کوری ڈور منصوبے کے تحت 7 ہزار میگا واٹ بجلی پیدا کی جائے گی۔ اسلام آباد وزیراعظم نواز شریف کے زیر صدارت اسلام آباد میں ہونے والے مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس میں قومی توانائی پالیسی کی منظوری دی گئی۔ توانائی پالیسی کے تحت 2015 تک چار سو میگا واٹ کے ہائیڈل منصوبے مکمل کئے جائیں گے۔ اجلاس میں کول کوری ڈور منصوبے کے تحت سات ہزار میگا واٹ بجلی پیدا کی جائے گی۔ اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ بجلی چوروں کو قرار واقعی سزا دی جائے گی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ صوبائی حکومتوں کو مسائل کے حل میں مکمل معاونت فراہم کریں گے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ توانائی بحران بھی ہماری قومی سیکورٹی کا مسئلہ ہے۔ قومی توانائی پالیسی کی منظوری پر انہیں خوشی ہوئی ہے۔ پالیسی کی منظوری کا اعزاز مشترکہ مفادات کونسل کے سر ہے۔ اجلاس میں چاروں وزرائے اعلی اور کونسل کے دیگر ممبران نے بھی شرکت کی۔
دوسری جانب وزیراعظم میاں نواز شریف عیدالفطر کے بعد ملک کی تمام سیاسی جماعتوں سے رابطے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس حوالے سے جماعتوں کے قائدین سے ملاقاتیں کی جائیں گی۔ میاں نواز شریف سیاسی قائدین سے بجلی اور گیس بحران، دہشت گردی اور دیگر اہم مسائل کے حوالے سے مشاورت کریں گے اور انہیں حکومتی پالیسیوں کے بارے میں اعتماد میں لیں گے۔