مشترکہ مفادات کونسل کا پہلا اجلاس آج ہو گا

Islamabad

Islamabad

اسلام آباد (جیوڈیسک) مشترکہ مفادات کونسل کا پہلا اجلاس آج اسلام آباد میں ہوگا، اجلاس میں توانائی بحران، بجلی پر سبسڈی ختم کرنے، نرخ بڑھانے اور آئی ایم ایف کی شرائط سے متعلق اہم فیصلے کئے جائیں گے۔ مشترکہ مفادات کونسل کے پہلے اجلاس کی صدارت وزیراعظم نواز شریف کریں گے۔ اجلاس میں چاروں وزرائے اعلی اور صوبائی حکومتوں کے نمائندے بھی شریک ہوں گے۔

اجلاس میں توانائی کے بحران، بجلی کے ٹیرف، آئی ایم ایف پروگرام اور دوسرے امور پر اہم فیصلے کئے جائیں گے۔ اجلاس میں عالمی مالیاتی فنڈ کی شرائط کی سمری بھی پیش کی جائے گی۔

جس کے تحت چاروں صوبوں سے وفاق ایک سو سترہ ارب روپے کا سرپلس بجٹ لے گا۔ پنجاب ساٹھ، سندھ تیس، خیبرپختونخوا گیارہ اور بلوچستان دس ارب روپے سرپلس بجٹ میں دے گا۔ جس سے بجٹ خسارہ چھ اعشاریہ تین تک لانے میں مدد ملے گی۔ وفاقی حکومت سرپلس بجٹ پر صوبوں کو ریٹ آف ریٹرن ادا کرے گی۔