لاہور (جیوڈیسک) کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان کا نام روشن کرنے والی ریسلنگ ٹیم کا وطن واپسی پر شاندار استقبال، گولڈ میڈلسٹ محمد انعام بٹ پر پھولوں کی بارش ہوتی رہی۔ حکومت نے مطالبہ پورا نہیں کیا، اپنی مدد آپ کے تحت ٹریننگ جاری رکھی، قومی ہیرو نے شکوہ بھی کر دیا۔
لاہور کی علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کامن ویلتھ گیمز میں سونے اور کانسی کے تمغے دلانے والے پہلوانوں کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ پرستاروں نے “پاکستان زندہ باد” کے خوب نعرے لگائے۔
گولڈ میڈلسٹ محمد انعام نے شاندار جیت کا سہرا والدین اور اساتذہ کے سر سجاتے ہوئے حکومت سے عدم توجہی کا شکوہ بھی کیا، برونز میڈل جیتنے والے محمد بلال اور طیب رضا سمیت آفیشلز نے قومی ریسلرز کی کارکردگی کو سراہا۔ آسٹریلیا کی سرزمین پر سبز ہلالی پرچم بلند کرنے والے ریسلرز کا جشن مناتا قافلہ آبائی شہر گوجرانوالہ پہنچے گا۔
دوسری جانب کینگروز کے دیس سونے اور کانسی کے تمغوں سے پاکستان کا نام دنیا بھر میں روشن کرنے والے ریسلرز محمد انعام، طیب رضا اور محمد بلال نے اپنے تعلیمی ادارے پنجاب کالجز اور یونیورسٹی آف سنٹرل پنجاب کا خصوصی شکریہ ادا کیا کہ جہاں کے سسٹم اور ماحول کی بدولت وہ قومی ہیرو بنے۔