کراچی (جیوڈیسک) کامن ویلتھ گیمز میں میڈلز جیتنے والے قومی کھلاڑیوں کو پی ایس بی نقد انعامات سے نوازے گا۔
بورڈ کے ترجمان کے مطابق آسٹریلیا کے شہر گولڈ کوسٹ میں کھیلے جانے والے کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان کیلیے 5 میڈل جیتنے والے کھلاڑیوں کو قومی اسپورٹس پالیسی پر عمل کرتے ہوئے انعامات دیے جائیں گے۔
ریسلنگ میں پاکستان کیلیے واحد گولڈ میڈل جیتنے والے انعام بٹ کو 50 لاکھ روپے کی انعامی رقم سے نوازا جائیگا، اسپورٹس پالیسی کے تحت برانز میڈلز جیتنے والوں کو 10 لاکھ روپے فی کس انعام دیا جائیگا، کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان نے ایک گولڈ اور 4 برانز کیساتھ مجموعی طورپر 5 میڈلز جیتے ہیں۔ انعام بٹ کو اسپورٹس پالیسی کے مطابق گولڈ میڈل پانے پر 50 لاکھ روپے ملیں گے، طیب رضا، محمد بلال، نوح دستگیر بٹ اور طلحہ طالب کو برانز میڈلز جیتنے پر 10،10لاکھ روپے دیے جائیں گے۔
واضح رہے کہ طیب رضا نے ریسلنگ کے125 کلوگرام ایونٹ میں کانسی کا تمغہ جیتا، محمد بلال ریسلنگ کے 57کلوگرام میں برانز میڈل پانے میں کامیاب ہوئے، نوح دستگیر بٹ ویٹ لفٹنگ کے +105کلوگرام میں برانز میڈل اپنے نام کرنے میں کامیاب ہوئے اورطلحہ طالب کو ویٹ لفٹنگ کے62 کلوگرام میں برانز میڈل ملا۔