لاہور (جیوڈیسک) پنجاب کے وزیرِ قانون رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ ہنگامہ آرائی کرنیوالے طلبا نہیں، شرپسند عناصر ہیں، جن کاتعلق کسی سیاسی جماعت سے نہیں، حراست میں لئے گئے افراد میں سے کسی کا تعلق لاہور سے نہیں بلکہ 4 کا تعلق شمالی وزیرستان اور باقی کا دیگرشہروں سے ہے۔
پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ہنگامہ آرائی کرنے والوں کے خلاف 12 مقدمات درج کئے گئے ہیں، قانون کے مطابق طلبا یونینز پر پابندی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ 100 ملزم نامزد ہیں، جبکہ 22 افراد کو حراست میں لیا گیا، گرفتار افراد کیخلاف مقدمات دہشت گردی کی عدالت میں چلائے جائیں گے۔
رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ جماعتِ اسلامی امن و امان خراب کرنے والوں کو باہر نکال دے۔ وزیرِ قانون پنجاب نے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری کا معاملہ پرانا ہو چکا اور اگر تحریک انصاف کے سربراہ کو وہ سنجیدہ نہیں لیتے تو تحریک انصاف کے سربراہ کو بھی حق حاصل ہے کہ وہ انہیں سنجیدہ نہ لیں۔