کراچی (اسٹاف رپورٹر) گجراتی قومی موومنٹ کے سربراہ گجراتی سرکار امیر سولنگی عرف پٹی والا المعروف سورٹھ ویر نے کہا ہے کہ پاکستان کی آبادی میں خواتین کا تناسب قریباً 55 فیصد ہے اسلئے خواتین کو نظر انداز کرنے ‘ انہیں تعلیم و ترقی کے مواقع کی فراہمی سے اجتناب اور تحفظ کی فراہمی میں ناکامی معاشرے کی ترقی کو سست کرنے کا باعث ہے۔
جبکہ فرسودہ و جاگیردارانہ نظام و سوچ کے باعث خواتین کا جنسی ‘ معاشی ‘ سیاسی استحصال خواتین کیخلاف مجرمانہ سوچ و رویوں کے فروغ کا باعث ہے جس کی وجہ سے رسومات کے نام پر خواتین کے استحصال ‘ غیرت کے نام پر قتل اور جنسی زیادتی و تشدد کے واقعات میں روزافزوں اضافہ ہو رہا ہے کیونکہ جاگیردارانہ و استحصالی سوچ کی حامل مقتدر اشرافیہ نہ صرف خواتین کے تحفظ کے حوالے سے موثر قانون سازی سے گریزاں ہے بلکہ مروجہ قوانین پر بھی ان کی روح کے مطابق عملدرآمد میں رکاوٹ بنی ہوئی ہے جس کے باعث گاوں و دیہاتوں میں ہی نہیں بلکہ بڑے شہروں تک میں خواتین اپنے جائز حقوق و تحفظ سے محروم ہیں۔