معاشرتی مسائل اجاگر کرنے میں میڈیا انتہائی اہم کردار ادا کررہاہے،نگران وزیراعلیٰ نجم سیٹھی

لاہور(جی پی آئی)نگران وزیر اعلیٰ پنجاب نجم سیٹھی سے لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری کی قیادت میں پریس کلب کے عہدیداران اورایگزیکٹو باڈی کے اراکین نے آج ایوان وزیراعلیٰ میں ملاقات کی۔ اس موقع پر صوبائی سیکرٹری اطلاعات امجد حسین بھی موجود تھے۔نگران وزیراعلیٰ نجم سیٹھی نے لاہورپریس کلب کے منتخب ہونے والے عہدیداران کو کامیابی پر مبارکباددی۔

اس امید کا اظہار کیا کہ نئے عہدیداران صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لئے اپنی کاوشیں جاری رکھیں گے۔ نگران وزیراعلیٰ نجم سیٹھی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب حکومت نے عام انتخابات کے شفاف اور پرامن انعقاد کے لئے موثر انتظامات کئے اورمیڈیا نے حق رائے دہی کے استعمال کے بارے میں عوام میں شعور بیدار کرنے کے حوالے سے اہم کردارادا کیا۔

میڈیا کے موثر کردار کے باعث انتخابات میں ٹرن آئوٹ شاندار رہا۔ انہوںنے کہاکہ میڈیا کاکردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور بلاشبہ پاکستان میں میڈیا معاشرتی مسائل اجاگر کرنے میں نمایاں کردار ادا کررہا ہے۔

انہوںنے کہاکہ الیکٹرانک میڈیا نے انتہائی مختصر عرصہ میں مثالی ترقی کی ہے۔صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری اور وفد کے ارکان نے وزیراعلیٰ نجم سیٹھی کو صحافیوں کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے لاہور پریس کے وفد کو مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی۔