حصص مارکیٹ میں تیزی، 92 پوائنٹس کا اضافہ

Karachi Stock Market

Karachi Stock Market

کراچی (جیوڈیسک) لسٹڈ کمپنیوں کے مالیاتی نتائج کا سیزن شروع ہونے اور مثبت نتائج کی توقعات پر سرمایہ کاری کے باعث کراچی اسٹاک ایکس چینج میں بدھ کو ایک بار پھر تیزی کا عنصر غالب رہا جس سے انڈیکس کی 29700 کی حد بحال ہوگئی۔

39 فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ حصص کی مالیت میں بھی21 ارب 36 کروڑ 13 لاکھ 62 ہزار 80 روپے کا اضافہ ہوگیا۔ ماہرین اسٹاک وتاجران کا کہنا تھا کہ بدھ کی تیزی میں سیمنٹ سیکٹر کے علاوہ ایم سی بی بینک اور پاک آئل فیلڈ کے حصص نے اہم کردار ادا کیا ہے۔

جس میں سرمایہ کاری حجم بڑھنے اور خریداری کے باعث مارکیٹ کا مورال تیزی کی جانب گامزن ہوا، ٹریڈنگ کے دوران مقامی کمپنیوں، بینکوں و مالیاتی اداروں، میوچل فنڈزاور دیگر آرگنائزیشنز کی جانب سے مجموعی طور پر 95 لاکھ 89 ہزار 922 ڈالر مالیت کے سرمائے کا انخلا کیا گیا جبکہ اس دوران غیرملکیوں کی جانب سے 86 لاکھ 2 ہزار 332 ڈالر، این بی ایف سیز کی جانب سے 77 ہزار 519 ڈالراور انفرادی سرمایہ کاروں کی جانب سے 9 لاکھ 75 ہزار 368 ڈالر مالیت کی تازہ سرمایہ کاری کی گئی۔

تیزی کے سبب کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 92.20 پوائنٹس کے اضافے سے 29776.17 ہوگیا جبکہ کے ایس ای30 انڈیکس 99.32 پوائنٹس کے اضافے سے 20654.40 اور کے ایم آئی 30 انڈیکس 117.88 پوائنٹس کے اضافے سے 48217.09 ہوگیا، کاروباری حجم منگل کی نسبت 4.61 فیصد زائد رہا اور مجموعی طور پر11 کروڑ 28 لاکھ 210 حصص کے سودے ہوئے۔

کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار 342 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں 132 کے بھاؤ میں اضافہ، 175 کے دام میں کمی اور 32 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔