وہی بتوں کی شکایت، وہی گلہ دل کا

Politics

Politics

تحریر: ایم سرور صدیقی

یہ کہاوت تو سب نے سنی ہوگی کہ سیاست بڑی بے رحم ہوتی ہے اس کے سینے میں دل نہیں ہوتااس کا مشاہدہ تو کم و بیش اکثر لوگوںکوہوتارہتاہے۔ جو آج پاور فل سیاستدان ہیں۔۔ان میں بیشتربے پناہ اختیارات کا مرکزو محورہیں ۔۔لیکن کل ان کا حال ایسا بھی ہوسکتاہے پھرتے ہیں میر خوار کوئی پو چھتا نہیں سیاست کے بارے میں ایک اور بات بڑی مشہورہے کہ آج کے دوست کل کے دشمن ہوتے ہیںمتعددبار دیکھاگیاہے ایک دوسرے کے حلیف ۔۔جن کے درمیان بہت سی چیزیں،پارٹیاں اور قدریں مشترک ہوتی ہیں ان پر ایک وقت ایسا بھی آتاہے

ایک دوسرے کے خلاف الیکشن لڑتے ہیں ، مد مقابل آکر۔۔۔ ایک دوسرے کے خلاف اتنی گھٹیا باتیں اور اس قدر گھنائونے الزام لگاتے ہیں کہ توبہ ہی بھلی اور یوں یہ تماشا ساری دنیا دیکھتی ہے۔۔۔تیسری بات بڑی اہم ہے کہ سیاست میں کوئی چیز حرف ِ آخر نہیں ہوتی ایک دوسرے کو غدار،سیکورٹی رسک اور نہ جانے کیا کیا قرار دینے والے بہن بھائی بھی بن سکتے ہیں کل تک جو لوگ جوتیوںمیں دال بانٹا کرتے تھے شِیروشکرہوجاتے ہیں لوگ حیرت سے ان کو تکتے رہ جاتے ہیں پاکستان میں جب سے نظریاتی سیاست دم توڑنے لگی ہے اور مفاہمتی سیاست کاآغاز ہواہے بیشتر سیاستدانوں کاکام آسان ہوگیاہے ۔۔۔موجودہ سیاست میں ایک اور ستم ظریفی پروان چڑھ رہی ہے کچھ لوگوںنے ذاتی مفادات کیلئے نظریات، وفاداری اورجماعتوں سے ادھر ادھر جانا فیشن بنالیا تھا

لیکن پھر بھی شرفاء ، اچھے کردار کے حامل سیاستدان اوراعلیٰ اقدارکے حامی اسے برا سمجھتے تھے کچھ اب بھی برا خیال کرتے ہیں شایدان کے خیال میں سیاست میں قربانی دینا پڑتی ہے یقینا سیاست میں قربانیاں اعلیٰ ظرف کے لوگ ہی دیتے ہیں کہ اچھے بروںمیں یہی امتیازکا ایک معیارہے ۔۔یہ ساری کی ساری باتیں اور کہاوتیں اس وقت شدت سے یاد آئیں جب لوگ مسلم کانفرنس کے صدر سردارعتیق کے تازہ ترین خیالات سے مستفید ہوئے جن میں انہوںنے فرمایاہے کہ مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی دونوںایک ہی سکے کے دورخ ہیں ان کی سیاست الگ الگ ،مفادات ایک ہیں

فوج کے دفاع کیلئے پرویز مشرف کی حمایت کااعلان کرتاہو ں ”سردارعتیق ۔۔آزادکشمیرکے مجاہد ِ اول سردار عبدالقیوم کے فرزند ِ ارجمند ہیںکشمیرکے لئے ان کی خدمات،نظریات اورقربانیاں قابل ِ تحسین سمجھی جاتی ہیں اسی حوالے سے ان کا احترام بدترین مخالف بھی کرتے ہیں لیکن نہ جانے کچھ عرصہ سے سردارعتیق کو کیاہوگیاہے وہ کبھی” صاف چھپتے بھی نہیں سامنے آتے بھی نہیں” کی تفسیر بن جاتے ہیں اور کبھی لگی لپٹی بغیر سیدھی سیدھی باتیں کرکے دل کا غبار نکالنے کی کوشش کرتے رہتے ہیں جو ان جیسے سنجیدہ سیاستدان کی شخصیت سے تال میل نہیںر کھتا۔۔۔۔ان کی جماعت مسلم کانفرنس کی ایک تاریخ یہ بھی ہے کہ جب سے میاں نواز شریف سیاست میں آئے ہیں سردار عبدالقیوم کے ان سے گہرے روابط ہیں ۔ اس اعتبارسے وہ ان کے ہم خیال اور فطری حلیف سمجھے جاتے تھے

اس بات کا مسلم کانفرنس اور سردار عبدالقیوم کو بہت فائدہ ہوا کہ میاں نواز شریف نے اپنی حریف جماعت پیپلزپارٹی کے مقابلے میںان کو بہت پرموٹ کیا اور اس طرح آزادکشمیر میں مسلم کانفرنس کا طوطی بولنے لگا اسی وجہ سے سردار عبدالقیوم مسلم لیگی ہم خیال اور پیپلز پارٹی کے تمام مخالفین کے مرکزو محور بن گئے اور یوں متعدد بار سردار عبدالقیوم اوران کے فرزند ِ ارجمند سردارعتیق آزادکشمیرکے وزیر ِ اعظم بنے۔۔میاں نواز شریف تو سردار عبدالقیوم کو سیاسی مرشد قرار دیتے رہے ان کے درمیان تعلقات میں ٹرننگ پوائنٹ اس وقت آیا جب میاں نواز شریف جلاوطنی کی زندگی گذاررہے تھے۔ کہا جاتاہے

معاملات پر سردار عتیق کی گرفت مضبوط ہوگئی ان کا میاں نواز شریف سے اتنا قلبی تعلق نہیں تھا جتنا ان کے والد کا تھا پھر سردار عبدالقیوم خان اپنی پیران ِ سالی کی وجہ سے عملاً اپنے صاحبزادے پر زیادہ بھروسہ کرنے لگ گئے ۔۔ مسلم کانفرنس کے رہنمائوںنے آزادکشمیرمیں اپنی حکومت بنانے کیلئے میاں نوازشریف کے سیاسی مخالفین کے ساتھ” مفاہمتی سیاست”کا آغازکیا جس سے جلاوطن رہنمائوں کو شاک لگا۔۔میاں نواز شریف نے اسی دن تہیہ کرلیا تھا سردار فیملی پرتکیہ کرنے کا کوئی فائدہ نہیں اب آزاد کشمیر میں مسلم لیگ ن انتخابی سیاست کریگی جب آزادکشمیرمیںمسلم لیگ ن نے عملی سیاست کاآغازکیا منظرنامہ یکسر تبدیل ہوگیااینٹی پیپلزپارٹی دھڑے ،سیاستدان اور گروپ تقسیم در تقسیم ہوگئے

آزادکشمیرکی سیاست چی۔۔چوں ۔۔چاں کا مربہ بن کررہ گئی اس کا رزلٹ یہ نکلامیاں نواز شریف اور سردار فیملی کے درمیان ”ٹٹ گئی تڑک کرکے”۔۔۔اب آزاد کشمیر میں مسلم لیگ ن ایک الگ قوت ہے اورمسلم کانفرنس الگ قوت۔۔۔ان سارے معاملات میں سب سے بڑا نقصان مسلم کانفرنس اور اس سے زیادہ سردار عتیق کا ہوااب آزادکشمیرمیںمسلم لیگ ن کا شمار ایک بڑی سیاسی پارٹی کے طورپر ہوتاہے جس کے صدر فاروق حیدر جوڑ توڑ کے ماہر سمجھے جاتے ہیں جو اینی کامیاب حکمت ِ عملی کے تحت خودکو وزیر ِ اعظم آزادکشمیربنانے کی حدتک کامیاب رہے

Nawaz Sharif

Nawaz Sharif

وہ میاں نواز شریف کے انتہائی قریب بھی ہیںاور آزاد کشمیر کے موجودہ سیاسی بحران میں ایک فریق بھی۔۔۔مسلم کانفرنس اس سیاسی صورت ِ حال میں سب سے زیادہ بے چین ہے اسے کچھ سجائی نہیں دے رہا شاید اسی بناء پرسردار عتیق نے وہ بات کہہ ڈالی جو انہیں کہنی چاہیے تھی انہوںنے سب سے پہلے فرمایاہے مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی دونوںایک ہی سکے کے دورخ ہیں ان کی سیاست الگ الگ ،مفادات ایک ہیںفوج کے دفاع کیلئے پرویز مشرف کی حمایت کااعلان کرتاہو ں ”اس بیان کے دو مقاصد ہو سکتے ہیں پہلا یہ کہ مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی دونوںجماعتوںسے مایوس لوگ ایک بار پھر ان کے گرد اکھٹے ہو جائیں دوسرا یہ کہ انہیں پاکستان کی عسکری قوتوںکی حمایت حاصل ہو جائے۔۔۔

لیکن وہ یہ بات بھول گئے کہ پرویز مشرف آج کل خود حالات کے رحم وکرم پرہیں اوراس سے اہم یہ بات ہے کہ فوج ایک منظم ادارہ ہے ۔۔۔فقط پرویز مشرف کانام فوج نہیں ہے ایسے بیانات سے انہیں تازہ آکسیجن نہیں مل سکتی وہ اب بھی ایسی ہی باتیں کرکے اپنا رانجھا راضی کررہے ہیں آج سیاسی حالات اورقومی منظر نامہ یکسر تبدیل ہورہے ہیں گلے شکوے، شکائتیں،طعنے کمزورلوگوںکے ہتھیارہیں۔۔۔ سیاستدانوںکو ڈکٹیٹروں کی حمایت مہنگی بھی پڑ سکتی ہے،سستی شہرت،فوجی چھتری کی پناہ یا حمایت کی خواہش اب قوم کے دل کو یہ بات پسندنہیں آتی۔۔ کیا فرض کرلیا جائے ؟ایسا کرنے والے اپنے سیاسی مستقبل سے مایوس ہوگئے ہیں حالانکہ اپنے مخالفین کو فیس Faceکرنا،انہیں ٹف ٹائم دینا اور جھپٹنا ،پلٹنا۔پلٹ کر جھپٹناہی اصل سیاست ہے

آج کے دورمیں جو سیاستدان ایسا نہیں کرتا OUTہوجاتاہے پیشگی ایک پیش گوئی یہ بھی ہے اب حالات جس نہج پرہیں اس سے اندازہ لگایا جا سکتاہے کہ ہرعروج کو زوال ہے سردار عبدالقیوم خان نے تو آزادکشمیر میں سیاست نہیں بادشاہت کی ہے یہ حالات کا جبرہے کہ آج مسلم لیگ ن اور مسلم کانفرنس آمنے سامنے کھڑی ہیں ایک بات جس کی طرف سردارعتیق احمدخان کا دھیان نہیں ہے سیاست میں جب بھی ہم خیال جماعتوںکے ووٹ تقسیم ہوں گے ہمیشہ فائدہ مخالفین اٹھاتے ہیں اب بھی وہ ہم خیال جماعتوں کا الائنس بنانے کیلئے کچھ پیشرفت کریں تو شایدنہیں یقینا کامیابی و کامرانی سے سرفراز ہو سکتے ہیں موجودہ حالات میں تو سیاست میں ان کی بقاء ضروری ہے نئے الیکشن تک ز مینی حقائق کے مطابق تیاری، حکمت ِ عملی ٹھوس منصوبہ بندی ابھی سے کوشش کیجئے ورنہ اب آزادکشمیر کے صدرچوہدری عبدالمجیدکے خلاف تحریک ِ عدم اعتماد آئے۔۔۔نہ آئے۔۔۔ کامیاب ہویا ناکام سردار عتیق کو کچھ فائدہ نہیں ہونے والا
کچھ اور بھی تجھے اے داغ بات آتی ہے
وہی بتوں کی شکایت،وہی گلہ دل کا

Sarwar Siddiqui

Sarwar Siddiqui

تحریر: ایم سرور صدیقی