ساو پاولو (جیوڈیسک) برازیل کے شہرساو پاولو میں کھیلے جانے والے میچ کے پہلے ہاف کے آغاز سے ہی تیز کھیل دیکھنے کو ملا اور ارجنٹائن کے کھلاڑیوں نے آغاز میں کئی اچھی مووز بنائیں۔
ارجنٹائنی کھلاڑی ڈی ماریا کے گیند پر ناقص کنٹرول اور دفاعی کھلاڑیوں کی ناقص مارکنگ کے باعث سوئس ٹیم کئی بار گیند ارجنٹائن کی ڈی تک تو پہنچانے میں کامیاب رہی لیکن گول نہ کر سکی۔ لیکن آخر میں وہی ارجنٹائن کو اگلے مرحلے میں لے جانے والے کھلاڑی ثابت ہوئے۔
سوئس ٹیم کھیل کی رفتار سست کرنے میں کامیاب ہوگئی اور اس نے میسی سمیت ارجنٹائن کے فارورڈز کو کھل کر نہیں کھیلنے دیا۔
سوئٹزرلینڈ کے لاویزی نے اس ہاف میں گول کرنے کا یقینی اور آسان موقع کھویا۔ سوئس کھلاڑی سائے کی طرح ارجنٹائن کے سٹار فارورڈ میسی کے ساتھ لگے رہے اور انھیں گیند آگے لے جانے کے مواقع نہیں مل سکے۔ پہلے ہاف کے اختتام پر میچ بغیر کسی گول کے برابر تھا۔
دوسرے ہاف میں ارجنٹائن کی ٹیم ایک نئے جوش کے ساتھ میدان میں اتری، مگر مقررہ وقت میں میچ بغیر کسی گول کے برابر رہا ،جس کے بعد اضافی وقت دیا گیا جس کے پہلے ہاف میں بھی گول نہ ہو سکا۔ دوسرے ہاف میں اس میچ میں مسلسل مبصرین کی تنقید کا نشانہ بننے والے اینجل ڈی ماریا نے میسی کے پاس پر ایک شاندار گول کر کے ارجنٹائن کوآٹھویں مرتبہ کوارٹررائنل میں پہنچا دیا۔