لاہور (جیوڈیسک) لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ نے کامرہ کمپلیکس، جی ایچ کیو حملہ کیس اور حمزہ کیمپ کے ملزمان کی بریت کے خلاف وفاق کی اپیل مسترد کر دی۔
جسٹس عباد الرحمان لودھی اور جسٹس قاضی محمد امین پر مشتمل ڈویژن بنچ نے وفاق کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت کی جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ انسداد دہشتگردی عدالت نے سید عرب کو کامرہ کمپلیکس حملہ کیس جبکہ شفیق الرحمان کو جی ایچ کیو حملہ کیس اور حمزہ کیمپ حملہ کیس میں بری کر دیا تھا،۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ ٹرائل کورٹ نے شہادتوں کو نظرانداز کرتے ہوئے ملزمان کو بری کر دیا لہذا ٹرائل کورٹ کے فیصلے کو کلعدم قرار دیا جائے اور ملزمان کا دوبارہ ٹرائل کرنے کا حکم جاری کیا جائے۔
ملزمان کے وکلاء کا موقف تھا کہ ٹرائل کورٹ نے ڈیڑھ سال تک مقدمات کی سماعت کی اور عدم ثبوت کی بناء پر سید عرب اور شفیق الرحمان کو بری کر دیا۔
فاضل عدالت نے دلائل سننے کے بعد وفاق کی اپیل مسترد کر دی اور ٹرائل کورٹ کی جانب سے ملزمان کی بریت کا فیصلہ برقرار رکھا۔