لاہور : امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر نے عید غدیر کے موقع پر عالم اسلام مبارکباد پیش کرتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا کہ واقعہ غدیر اسلامی تاریخ کا بہت بڑا حصہ ہے اس موقع پر رسول خدا ص نے خداوند کریم کے حکم کے مطابق دین کے مکمل ہونے کا اعلان کیا۔
مرکزی صدر برادر سرفراز نقوی نے کہا آج مسلمانوں کی مشکلات سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ مسلم حکمرانوں نے اپنا رول ماڈل اسلام کی بجائے مغرب کو بنا رکھا ہے، اس کے ساتھ ساتھ مسلم حکمرانوں کا آپس میں اختلاف دشمن کو کارروائی کا موقع دے رہا ہے سید سرفراز نقوی کا کہنا تھا مسلمانوں کی مشکلات کا حل باہمی اتحاد و وحدت میں ہے۔
آج ہمیں ملک، قوم اور دین کے ساتھ عہد کرتے ہوئے خطبہ غدیر کو عملی جامہ پہنانا ہو گاکیونکہ اسلام ہی مکمل ضابطہ حیات ہے اور امن و آشتی کا پیغام دیتا ہے۔مرکزی صدر نے اپنے پیغام میں کہا کہ اس واقعہ سے رو گردانی کرنا دین کے بنیادی جزو سے روگردانی کرنے کے مترادف ہے اسلام کا دشمن حقیقی اسلام سے خوفزدہ ہے اسلام دشمن عناصر مصنوعی نظریات کی مدد سے اسلام ناب کے حقیقی و اصلی چہرہ کو مسخ کرنے کی ناکام کوششوں میں مصروف ہیں۔
اسلامی اصولوں کے مطابق ہی قائم حکومت میں معاشرہ ایک سعادت مند زندگی گزار سکتا ہے رسول خدا نے جو اسلامی نظام حکومت متعارف کروایا یہی وہ نظام حکومت ہے جس میں ایک انسان سعادت مند زندگی گزار سکتا ہے۔