مجبوری میں ایم کیو ایم سے اتحاد کیا، فردوس شمیم کے بیان پر تنازع

Firdous Shamim

Firdous Shamim

کراچی (جیوڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کراچی ڈویژن کے صدر کا کہنا ہے کہ انہوں نے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پر جو الزامات لگائے ان پر قائم ہیں۔

کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی کراچی ڈویژن کے صدر شمیم نقوی نے کہا کہ ہم مجبوری میں ایم کیو ایم کے پاس گئے کیونکہ ہمیں ووٹ پورے کرنے تھے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایم کیو ایم کو الیکشن میں شکست میئر کراچی وسیم اختر کی وجہ سے ہوئی، کراچی میں الیکشن صاف وشفاف ہوئے، ڈبے کھلنے کا ڈر نہیں ہے۔

فردوس شمیم نے کہا کہ ایم کیو ایم پر جو الزامات لگائے میں ان پر قائم ہوں،ہم مجبوری میں ایم کیو ایم کے پاس گئے کیونکہ ہمیں ووٹ پورے کرنے تھے۔

انہوں نے کہا کہ ایم کیوایم، پی ایس پی اور اے پی ایم ایل کے کارکن پی ٹی آئی میں شامل ہوئے ہیں، 35 سال میں قوم سے کئی وعدے کیے گئے لیکن پورے نہیں ہوئے، پارٹی میں شامل ہونے والوں سے کہا ہے ان کا کرمنل ریکارڈ نہیں ہونا چاہیے۔

فردوس شمیم نے کہا کہ ہم اپنی صفوں میں جرائم پیشہ افراد کو شامل نہیں کر سکتے۔

دوسری جانب پی ٹی آئی کراچی ڈویژن کے صدر فردوس شمیم نقوی کے بیان پر ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فیصل سبزواری بولے کہ اگر شروع میں ہی ایسا رویہ رکھا گیا تو آگے مشکلات بڑھ جائیں گی۔

فیصل سبزواری نے کہا کہ تحریک انصاف کی قیادت کے سامنے معاملہ رکھیں گے کہ قوم کے سامنے آکر بتائے کیا مجبوری تھی۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما نعیم الحق کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ فردوس شمیم کے بیان سے پارٹی کا کوئی تعلق نہیں،ایم کیو ایم کے حوالے سے فردوس شمیم کا بیان ان کی ذاتی رائے ہے۔

نعیم الحق نے کہا کہ فردوس شمیم کو فون کر کےعمران خان کا پیغام پہنچا دیا ہے، ایم کیو ایم سے اتحاد مجبوری نہیں حکمت عملی ہے، اتحاد کراچی کی بھلائی،جمہوریت اورترقی کے لیے کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ فردوس شمیم کے بیان سے پارٹی کو کوئی فائدہ نہیں ہوا، فردوس شمیم سے پیر کو عمران خان باز پرس کریں گے، فردوس شمیم کا بیان پارٹی پالیسی کے خلاف تھا، انہیں ایسے بیانات سے گریز کرنا چاہیے۔

خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف اور ایم کیو ایم کے درمیان مرکز میں حکومت سازی کے حوالے سے معاہدہ طے پاگیا ہے۔ ایم کیوایم نے پی ٹی آئی سے کراچی میں اپنے دفاتر کو کھلوانے کی یقین دہانی مانگی ہے جب کہ سندھ اسمبلی میں لیڈرآف اپوزیشن اور گرینڈ اپوزیشن الائنس بنانے کے لیے بھی تعاون کا کہا گیا ہے۔

ایم کیوایم نے تحریک انصاف سے کراچی سے متعلق ہر قسم کے امور میں اعتماد میں لینے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔