راولپنڈی (جیوڈیسک) پنجاب پولیس نے لاہور کے بعد راولپنڈی سمیت پنجاب کے پانچ بڑے اضلاع میں بھی تھانوں کے ریکارڈ کو کمپیوٹرائزڈ کرنے کیلئے ‘‘ سینئر اسٹیشن اسسٹنٹ ’’کی تعیناتی کا فیصلہ کیا ہے پولیس نے اس منصوبے کو پائلٹ پراجیکٹ کا نام دیا ہے جو یکم جنوری 2015 میں شروع کر دیا جائے گا منصوبے کے تحت عام شہریوں کو سینئر اسٹیشن اسسٹنٹ بھرتی کیا جائے گا اور اس کے بعد ان کو راولپنڈی سمیت بڑے اضلاع کے تھانوں میں تعینات کیا جائے گا
پولیس کے ایک ذمہ دار ذرائع کے مطابق سینئر اسٹیشن اسسٹنٹ تھانوں کا تمام ریکارڈ کمپیوٹرائزڈ کریں گے اور اس کے بعد یہی اہلکار شہریوں کی شکایات وصول کر کے انھیں کمپیوٹرائزڈ ریکارڈ کا حصہ بنا دیں گے جس سے کوئی بھی ڈیوٹی آفیسر مقدمات کے اندراج میں تاخیر اور کوتاہی نہیں کر سکے گا پائلٹ پراجیکٹ کی تکمیل سے سائلین کے مقدمات فوری طور پر درج ہوا کریں گے ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ چند روز قبل ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں پائلٹ پراجیکٹ صرف لاہور میں شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا
جہاں ایک سو کے قریب سینئر اسٹیشن اسسٹنٹ کی بھرتی کا عمل بھی شروع کیا جارہا ہے تاہم اب آئی جی پولیس مشتاق سکھیرا نے اس پراجیکٹ کو راولپنڈی سمیت پانچ دیگر اضلاع میں بھی شروع کر نے کا فیصلہ کر لیا ہے اس حوالے سے تھانوں میں سینئر اسٹیشن اسسٹنٹ کے نام سے نئی سیٹیں قائم کی جائیں گی اور خواتین کو بھی اس سیٹ کیلئے بھرتی کیا جائے گا ایک مرد اور ایک خاتون سینئر اسٹیشن اسسٹنٹ ہر تھانے میں تعینات کئے جائیں گے۔ ریکارڈ کمپیوٹرائزڈ کرنے کا معاملہ پہلے سے پائپ لائن میں تھا اس پراجیکٹ سے پولیس کی ورکنگ مزید بہتر ہوگی۔