جیلوں میں بند دہشتگردوں کو پھانسی دی جائے، این جی اوز

Rawalpindi

Rawalpindi

راولپنڈی (جیوڈیسک) دہشت گرد مسلمان تو درکنار انسان ہی نہیں۔، جیلوں میں موجود تمام دہشت گردوں کو فوری طور پر پھانسی دی جائے۔ سانحہ پشاور درندگی کی بدترین مثال ہے جس میں معصوم بچوں سمیت بے گناہ لوگوں کو شہید کیا گیا۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے جنگ میں بھی عورتوں اور بچوں کے قتل عام سے منع کیا ہے۔ حکومت و اپوزیشن متحد ہوکر دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاک فوج اور حساس اداروں کو تمام وسائل فراہم کریں۔ تمام سیاسی جماعتیں مل کر دہشت گردی سے نمٹنے کے لئے لائحہ عمل طے کریں۔

دہشت گردوں کا سامنا کرنے والے معصوم بچوں کی دلیری اور حوصلوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار سپورٹس ایجوکیشن ٹرسٹ کی چیئرپرسن شازیہ مرزا، نیٹ ورک فار کمیونٹی ویلفیئر وڈیویلپمنٹ کی چیئرپرسن رضوانہ خان، عورت فائونڈیشن کی ضلعی کوآرڈنیٹر نوشین خرم، ناکنگ اینجلز کی چیئرپرسن منزہ پیرزادہ اور سی پی ڈی آئی کے پروگرام منیجر سید کو ثر عباس نے دنیا موبائل فورم میں سانحہ پشاور کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ شازیہ مرزا نے کہا کہ دہشت گردوں کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں۔

دہشت گردی کیخلاف پوری قوم کو متحد ہوکر لڑنا ہوگا۔ رضوانہ خان نے کہاکہ سانحہ پشاور انتہائی قابل مذمت ہے۔ نوشین خرم نے کہا ہے کہ ہم نے اپنی آنکھوں کے سامنے معصوم بچوں کو شہید ہوتے دیکھا ہے جس کی مذمت کیلئے الفاظ نہیں۔منزہ پیرزادہ نے کہاکہ معصوم بچوں کا قتل شدید قابل مذمت ہے۔ سید کو ثر عباس نے کہا کہ پشاور میں معصوم بچوں پر ہونے والے حملے کی بھر پور مذمت کرتے ہیں۔انھوں نے کہا کہ دہشت گردوں کی کارروائیوں کی وجہ سے پاکستانی قوم کے حوصلے کبھی پست نہیں ہوں گے۔