ایف سی حالت زار ملک میں کھلی کرپشن کا اظہار ہے۔ راجونی اتحاد

Corruption

Corruption

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان راجونی اتحاد میں شامل ایم آر پی چیئرمین امیر پٹی ‘ خاصخیلی رہنما سردار غلام مصطفی خاصخیلی ‘ سولنگی رہنما سردار خادم حسین سولنگی ‘راجپوت رہنما عارف راجپوت ‘ ارائیں رہنما اشتیاق ارائیں ‘ مارواڑی رہنما اقبال ٹائیگر مارواڑی ‘ بلوچ رہنما عبدالحکیم رند ‘ میمن رہنما عدنان میمن و دیگر نے کہا ہے کہ وفاقی سکیورٹی ایجنسی یعنی ایف سی گزشتہ تقریباً دس سال سے بلوچستان میں قیام امن کے لئے جرائم پیشہ عناصر بشمول علیحدگی پسندوں اور ٹارگٹ کلرز کیخلاف آپریشن میں مصروف ہے۔

اس دوران ایف سی کے جوانوں نے جانوں کی قربانیاں بھی دی ہیں۔ اسی طرح سندھ اور کے پی کے میں بھی ایف سی امن و امان کی بحالی کی ذمہ داریاں ادا کر رہی ہے مگر سینیٹ کی قائمہ کمیٹی میں ایف سی کی کسمپرسی کی جو تصویر پیش کی گئی ہے وہ قوم کیلئے انتہائی حیرت کا باعث ہے کیونکہ حکمرانوں کی عیاشیاں ‘ مراعات اور تنخواہوں میں روز افزوں اضافے کے علاوہ پولیس و دیگر سیکورٹی اور سرکاری اہلکاروں کے اثاثہ جات اور ایف سی حالت زار اس ملک میں کرپشن کا پانی سر سے گزرنے کا اظہار ہے جسے پیش بندی اور کرپشن کیخلاف بلا امتیاز آپریشن ملک و قوم کے محفوظ مستقبل کیلئے اولین ترجیح ہونی چاہئے مگر حکمران اس شعور سے محروم دکھائی دے رہے ہیں۔

اس لئے اس فریضے کی ادائیگی کیلئے اب اگر عدلیہ یا فوج نے کوئی قدم نہیں اٹھایا تو تاریخ میں پلوں کے نیچے سے اور سر کے اوپر سے پانی گزرنے کے ذمہ داروں میں ان کا نام بھی لکھا جائے گا۔