کراچی کی خبریں 3/11/2016

Karachi

Karachi

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کو لاحق اندرونی و بیرونی خطرات ‘ بھارت کا جارحانہ کردار اور سرحدوں پر جاری اشتعال انگیزی ‘ پاکستان کے استحکام و ترقی کے دشمنوں کی سی پیک منصوبے کیخلاف جاری سازشیں ‘ حکمرانوں کی جانب سے حق اقتدار کے تحفظ کیلئے اٹھائے جانے والے اقدامات سے قومی یکجہتی کو پہنچنے والا نقصان اور پنجابی سرائیکی ‘ پنجابی سندھی ‘ پنجابی ہندکو ‘ پنجابی اردو لسانیت و تعصب کے بعد حکمرانوں اور ان کے حاشیہ برداروں کے بیانات کے باعث پیدا ہونے والا پنجابی پٹھان تعصب قومی یکجہتی ‘ یگانگت اور استحکام کیلئے انتہائی خطرناک صورتحال اختیار کررہا ہے اور مفاد پرست عناصر اس صورتحال پر قابوپانے کی بجائے اپنے مفادات کیلئے بیانات کے ذریعے اسے مزید فروغ دیکر صورتحال کو مزید گھمبیر و خطرناک بنارہے ہیں ۔ محب وطن روشن پاکستان پارٹی کے قائد و چیئرمین امیر پٹی نے تحریک انصاف اسلام آباد دھرنے کیخلاف حکومتی اقدامات اور وزرا ¿ کے بیانات کے باعث بڑھتے ہوئے پنجابی پٹھان تعصب پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حالات اس بات کے متقاضی ہیں کہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف کو ان کے عہدے پربرقرار رکھا جائے کیونکہ انہوں نے مشکل ترین حالات میں بہترین صلاحیتوںاور اعلیٰ کردار کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کو مشکل ترین حالات سے نکالا ہے اسلئے ملک کو پہلے سے زیادہ ان کی ضرورت ہے جبکہ موجودہ حالات میں انہیں ریٹائر کرنے کی عجلت ملک وقوم کیلئے خطرناک ثابت ہوسکتی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

کراچی ( سٹاف رپورٹر) فرید ایکسپریس اور ذکریا ایکسپریس میں تصادم کے نتیجہ میں دو درجن کے لگ بھگ افراد کی ہلاکت اور 5 درجن سے زائد افراد کے زخمی ہونے پر تاسف و تشویش اور مرحومین کیلئے دعائے مغفرت و زخمیوں کیلئے دعائے صحت کرتے ہوئے گجراتی قومی موومنٹ کے سربراہ گجراتی سرکار امیر سولنگی عرف پٹی والا المعروف سورٹھ ویر نے حادثے کی شفاف تحقیقات اور ذمہ داران کو کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری اداروں میں سیاسی بھرتیوں کے باعث تقریبا ً ہر ادارہ اپنے قیام کے بنیادی مقاصد کے حصول و اہداف میں ناکام ہوکر عوام کیلئے صرف پریشانی ‘ تکالیف ‘ مسائل ‘ مصائب اور حادثات کی وجہ بن چکا ہے اسلئے ملک کے تمام اداروں کو اناہلوں ‘ نکموں ‘ کام چوروں ‘ سفارشیوں اور سیاسی بنیادوں پر بھرتی ہونے والوں سے پاک کرنا ناگزیر ہوچکا ہے ۔ گجراتی سرکار نے وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کی جانب سے حادثے کے ہلاک شدگان کیلئے دس لاکھ روپے فی کس اور زخمیوں کیلئے پانچ لاکھ روپے فی کس کے امدادی اعلان لواحقین کی اشک شوئی کی سرکاری کوشش قرار دیتے ہوئے کہا کہ امدادی رقم مرنے والے کا نعم البدل کسی طور ثابت نہیں ہوسکتی اسلئے لواحقین کو رقم سے زیادہ انصاف کی ضرورت ہے جس کیلئے ضروری ہے کہ محض ڈرائیور کو ذمہ دار قرار دیکر قربانی کا بکرہ بنانے کی بجائے حادثے کی اصل وجوہات اور اصل ذمہ داران کو سامنے لاکر ان کا کڑا احتساب کیا جائے اور مگرمچھوں کو بچانے کیلئے چھوٹی مچھلیوں کی قربانی کی روایت کا خاتمہ کیا جائے ۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کے مختلف علاقوں بالخصوص بلوچستان میں مداخلت و تخریب کاری کے بھارتی اعتراف اور کلبھوشن سنگھ یادیو کے بعد سفارتکاروں کے بھیس میں بھارتی جاسوسوں ودہشتگردوں کے نیٹ ورک کی گرفتاری کے بعد بھی بھارت سے دوستی و تجارت کی خواہش یقینا ایک حماقت اور حب الوطنی کے تقاضوں کے مترادف ہے جبکہ عالمی سطح پر بھارت کے جارحانہ کردار اور پاکستان میں دہشتگردی کو فروغ دینے کی اس کی سازشوں کی نقاب کشائی سے گریز غداری کے مترادف ہوگا ۔پاکستان راجونی اتحاد میں شامل ایم آر پی چیئرمین امیر پٹی ‘ خاصخیلی رہنما سردار غلام مصطفی خاصخیلی ‘ سولنگی رہنما امیر علی سولنگی ‘راجپوت رہنما عارف راجپوت ‘ ارائیں رہنما اشتیاق ارائیں ‘ مارواڑی رہنما اقبال ٹائیگر مارواڑی ‘ بلوچ رہنما عبدالحکیم رند ‘ میمن رہنما عدنان میمن‘ہیومن رائٹس رہنما امیر علی خواجہ ‘خان آف بدھوڑہ یحییٰ خانجی تنولی فرزند جونا گڑھ اقبال چاند اور این جی پی ایف کے چیئرمین عمران چنگیزی نے کہا ہے کہ بھارت ہمیں عالمی تنہائی سے دوچار کرنے کی سازش بھی پروان چڑھا رہا ہے جس کے لیے اس نے اپنے سفارتی محاذ کو گرم کیا ہوا ہے تو اس کے ساتھ سفارتی تعلقات برقرار رکھنے کی بھی ہمیں قطعاً ضرورت نہیں۔ دشمن کے ساتھ دشمن والا ہی سلوک کیا جائے اور بھارت میں تعینات اپنے سفارتی عملہ کو واپس بلوا کر بھارتی سفارتی عملہ کو اس کے ملک کی جانب دھکیل دیا جائے جو یہاں باقاعدہ طور پر تخریب کاری کی سرگرمیوں میں ملوث ہے۔ ہمیں ملک کی سلامتی کو بہر صورت ہر معاملے پر فوقیت دینی ہے کیونکہ ہمارا دشمن ظالم اور شاطر ہے جو ہماری سلامتی کمزور کرنے کی سازشوں میں کبھی کمی نہیں آنے دے گا۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وانا میں بارودی سرنگ پھٹنے سے پاک فوج کے میجر کی شہادت اور 6 جوانوں کے زخمی ہونے اور سوئی میںبارودی سرنگ کے دھماکے میں امن لشکر کے دو رضاکاروں کے جاں بحق ہونے کے واقعات پر تاسف و تشویش کا اظہار اور شہدا ¿ کیلئے دعائے مغفرت و زخمیوں کیلئے دعائے صحت کرتے ہوئے پاکستان سولنگی اتحاد کے سینئر و بزرگ رہنما امیرعلی سولنگی ‘ پنجاب کے صوبائی صدر ملک نذیر سولنگی اورسولنگی اتحاد کے سینئر رہنماوں وعمائدین نے کہا ہے کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں حصہ لینے والے ایک ایک افسر اور اہلکار کی زندگی قیمتی ہے۔ وانا وہ علاقہ ہے جہاں سے دہشتگردوں کا صفایا کر دیا گیا ہے۔ بلوچستان سوئی کے علاقے میں علیحدگی پسندوں کا فورسز نے عرصہ حیات تنگ کر دیا ہے۔ بلوچستان میں فراریوں کے کیمپ تباہ کئے جا رہے ہیں۔ فاٹا میں دہشتگرد اور بلوچستان میں ضروری علاقے چھوڑنے پر سرنگیں بچھا جاتے ہیں۔ فورسز کے پاس یقیناً مائن ڈیٹکٹر ہونگے۔ دشمن کے مقابلے میں لڑتے ہوئے شہادتیں ہو سکتی ہیں مگر بارودی سرنگ سے ایک بھی اہلکار کی جان جاتی ہے تو اس میں کسی نہ کسی کی غفلت اور کوتاہی کو بعید از قیاس قرار نہیں دیا جا سکتا۔ بارودی سرنگیں صاف کرنے پر فورسز کو پوری توجہ مرکوز کرنی چاہئے۔