کراچی (جیوڈیسک) کڑی شرائط کی زنجیر سے ثقلین مشتاق کا راستہ روک دیا گیا، مالی معاملات پر عدم اتفاق بھی معاہدہ نہ ہونے کی اہم وجہ بنا، پی سی بی چیف کوچ وقار یونس کو 15 لاکھ روپے ماہانہ تنخواہ دے گا۔
دوسری طرف سابق آف اسپنر کو صرف6 لاکھ کی پیشکش دی گئی، ذرائع کے مطابق اس سے کئی گنا زیادہ رقم ثقلین بنگلہ دیش اور ویسٹ انڈیز کی کوچنگ سے کما لیتے ہیں، ان کی چیئرمین نجم سیٹھی سے خود بھی فون پر بات ہوئی مگر معاملات طے نہ ہو سکے، بورڈ انھیں زیادہ رقم دینے کو تیار نہیں تھا جبکہ ان کی خواہش تھی کہ کم از کم 10 لاکھ روپے تو ملیں۔
پی سی بی نے ایک شرط یہ بھی رکھی تھی کہ سال میں 30 چھٹیاں ہوا کریں گی, وہ بھی 10،10 کے تین حصوں میں کرنا ہوں گی، ثقلین مشتاق اہل خانہ کے ساتھ برطانیہ میں مقیم ہیں،ان کیلیے اس پر عمل بھی ممکن نہ تھا،اسی کے ساتھ انھیں اکیڈمی میں بھی کام کرنے کو کہا گیا۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ ’’دوسرا‘‘ گیند کے موجد کو ویسٹ انڈیز اور بنگلہ دیش نے ایک بار پھر معاہدوں کی پیشکش کر دی تھی، البتہ انھوں نے تاحال کسی کو واضح جواب نہیں دیا۔